ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: کوکر بم دھماکہ معاملہ - انجینئرنگ کالج پر این آئی اے کا چھاپہ -  طالب علم کو لیا حراست میں 

منگلورو: کوکر بم دھماکہ معاملہ - انجینئرنگ کالج پر این آئی اے کا چھاپہ -  طالب علم کو لیا حراست میں 

Thu, 05 Jan 2023 18:59:28    S.O. News Service

منگلورو،5/ جنوری (ایس او نیوز) گزشتہ سال دسمبر میں  ناگوری علاقہ میں جو  کوکر بم دھماکہ ہوا تھا اس  ضمن میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہر کے مضافات میں واقع ایک انجینئرنگ کالج پر چھاپہ مارا اور بم دھماکہ سے تعلق رکھنے کے الزام میں ایک طالب علم کو حراست میں لیا۔
    
خیال رہے کہ اس بم دھماکہ میں شارق نامی شخص کو کلیدی ملزم کے طور پر گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ کوکر بم دھماکہ کے سلسلے میں این آئی اے نے شارق سے تفتیش کے بعد اس انجینئرنگ کالج سے اپنی تعلیم مکمل کرنے والے نوجوان معاذ منیر کو شیموگہ سے  پہلے ہی گرفتار کیا تھا ۔ اب چھاپہ ماری کے بعد معاذ منیر سے مسلسل رابطہ میں رہنے والے اسی کالج کے  میکانیکل انجینئرنگ فائنل ایئر طالب علم کو تحویل میں لینے کے بعد اسے بنگلورو لے جایا گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ طالب علم اڈپی کا رہنے والا ہے۔ 
    
اس طالب علم کے بارے میں کہا گیا ہے کہ  آئی ایس آئی سے ربط میں رہنے والے اور  پرالے میں تُنگا ندی کے کنارے تجرباتی دھماکہ کرنے والے معاذ منیر کے ساتھ اس طالب علم کے قریبی تعلقات  تھے ۔  شیموگہ میں تُنگا ندی کنارے تجرباتی دھماکہ کے معاملے میں سید یاسین ، معاذ منیر اور شارق احمد کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا ۔ یاسین نے شیموگہ کے ایک کالج سے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی تھی جبکہ معاذ منیر اسی کالج میں فائنل ایئر ایم ٹیک کا طالب علم تھا اور شارق تیرتھلّی میں  کپڑوں کی  دکان میں سیلس مین تھا۔       


Share: