منگلورو 25 / اگست (ایس او نیوز) جنوبی کینرا میں مالی طور پر کمزور طبقے کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے "نمّا کلیکنک" نام سے دوا خانے شروع کیے جائیں گے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ دوا خانے ستمبر آخر یا پھر اکتوبر کے شروع میں ایسے جملہ 14 دوا خانےکھل جائیں گے ۔ ان میں سے 7 دوا خانے منگلورو سٹی میونسپل کارپوریشن کے حدود میں اور باقی 7 دوا خانے بیلتنگڈی کو چھوڑ کر بقیہ 7 تعلقہ جات میں شروع کیے جائیں گے۔
"نمّا کلینک" میں غیر وبائی امراض کی تشخیص اور کسی مریض کے لئے مزید بہتر علاج درکار ہونے کی صورت میں ڈاکٹروں کے لئے سفارش کرنے جیسی خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ خاص کر گندگی والے علاقوں میں بسنے والوں اور مہاجر مزدوروں کی صحت کو سامنے رکھ کر یہ دوا خانے شروع کیے جارہے ہیں ۔ چونکہ منگلورو شہر میں جھگی جھونپڑی والا علاقہ (سَلَم) نہیں ہے اس لئے جن علاقوں میں مہاجر مزدوروں کی اکثریت ہے وہاں پر "نمّا کلینک" کھولے جائیں گے۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر اشوک کمار نے بتایا کہ "نمّا کلینک" شروع کرنے کے لئے مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ جہاں پر بھی سرکاری عمارتیں موجود ہیں ، وہاں پر یہ کلینک کھولے جا رہے ہیں ۔ اور جہاں سرکاری عمارت دستیاب نہیں ہے وہاں کرایے کی عمارت میں جگہ حاصل کی جا رہی ہے ۔ ہر ایک "نمّا کلینک" میں ایک ڈاکٹر ، ایک اسٹاف نرس ، ایک لیب ٹیکنی شیئن ، اور گروپ ڈی اہلکار ہونگے۔