منگلورو 30 / اکتوبر (ایس او نیوز) شہر کی سی ای این کرائم پولیس نے آدھار کارڈ کے ذریعے لوگوں کے بینک کھاتوں سے رقم اڑانے والے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق بہار کے پورنیا سے ہے ۔
سٹی پولیس کشمنر انوپم اگروال نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزمین دیپک کمار ہیبرام ، ویویک کمار بسواس اور مدن کمار منگلورو سب رجسٹرار آفس کے کاویری 2.0 ویب سائٹ کو ہیک کرکے پراپرٹی رجسٹر کرنے کے لئے فراہم کیے گئے دستاویزات سے بایومیٹرک شناخت کی بنیاد پر آدھار اینیبلڈ پیمینٹ سسٹم (اے ای پی ایس) کے ذریعے متعلقہ لوگوں کے بینک کھاتوں سے رقم اڑایا کرتے تھے ۔
سائبر جرائم میں ملوث دھوکے بازوں کی طرف سے گزشتہ 6 مہینے کے دوران منگلورو سب رجسٹرار آفس میں اپنی پراپرٹی رجسٹر کروانے والے کئی لوگوں کے اکاونٹ سے رقم غائب ہونے کی کئی شکایتیں سائبر اکانامک اینڈ نارکوٹکس (سی ای این) کرائم پولیس کو ملی تھیں ۔ گزشتہ دو مہینوں میں ایسے 10 معاملات درج کیے گئے تھے ۔
سٹی پولیس کمشنر، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) اور ڈی سی پی (ٹریفک) کی نگرانی میں ان معاملات کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے بہار کے پورنیا ضلع سے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کے دس بینک کھاتوں سے 3,60,242 روپے اور موبائل فونس ضبط کیے گئے ہیں ۔ ملزمین کے موبائل فونس کے اندر کرناٹکا رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے 1000 زائد دستاویزات اور آندھرا پردیش اور دیگر ریاستوں کے 300 سے زائد رجسٹریشن دستاویزات کی پی ڈی ایف فائلس پائی گئیں ۔ ان سب کا ٹیکنیکل تجزیہ کیا جا رہا ہے ۔