ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں وزیر ضمیر احمد خان نے کہا : ریاستی حکومت مسلم طبقہ کے مطالبات پورے کرنے کی پابند ہے  

منگلورو میں وزیر ضمیر احمد خان نے کہا : ریاستی حکومت مسلم طبقہ کے مطالبات پورے کرنے کی پابند ہے  

Wed, 06 Sep 2023 13:26:25    S.O. News Service

منگلورو، 6 / ستمبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کی طرف سے شہر کے ٹاون ہال میں منعقدہ تہنیتی پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے ضلع جنوبی کینرا کے دورے پر آئے ہوئے محکمہ  ہاوسنگ، اقلیتی فلاح اور وقف کے وزیر ضمیر احمد خان، وزیر برائے میونسپل ایڈمنسٹریشن رحیم خان اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے پولیٹیکل سیکریٹری نصیر احمد نے مسلمانوں کو تیقن دیا کہ ریاستی حکومت مسلمانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے مطالبات پورے کرنے کی پابند ہے ۔
    
وزیر ضمیر احمد خان نے کہا کہ سابقہ بی جے پی حکومت نے طلبہ کے لئے اسکالرشپ اور تعلیمی اسکیموں کے تعلق سے مسلمانوں کے ساتھ بہت زیادہ ناانصافی کی تھی ۔ اب ہماری حکومت ان معاملات کو درست کر رہی ہے ۔ کانگریس نے کبھی کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی ہے اور نہ کرے گی ۔ تمام طبقات کے ساتھ مساوات کا معاملہ کیا ہے ۔ آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا ۔ ریاستی کانگریسی حکومت نے مسلمانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے ہیں ۔ اس لئے ہمیں بھی اپنی ذمہ داریاں سمجھنا چاہیے ۔ 
    
وزیر رحیم خان نے کہا کہ منگلورو میں حج بھون کی تعمیر کے لئے 10 کروڑ روپے فنڈ جاری ہوا ہے ۔ جلد ہی اس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ میں اعلیٰ منصب پر فائز رہنے کے باوجود عوامی خدمت کے لئے ہمیشہ عوام سے قریب ہوں ۔ 
    
وزیر اعلیٰ کے سیاسی سیکریٹری نصیر احمد نے کہا کہ ریاست کے لئے مسلمانوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ مسلمانوں کو حکومت سے جاری ہونے والی گارنٹی اسکیموں کے علاوہ دیگر سہولتوں کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ 
    
ریاستی اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر نےکہا آپ سب کی دعاوں سے میں آج ایک اعلیٰ منصب پر فائز ہوں ۔ آپ کے مطالبات پورے کرنے کا تیقن وزیر نے دیا ہے ۔ میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں ۔ ہم سب مل کر سماج اور اپنے طبقہ کی ترقی کے لئے کام کریں گے ۔ جنوبی کینرا کو بھائی چارگی کا مرکز بنائیں گے ۔ 
    
پروگرام کا افتتاح اڈپی قاضی  الحاج ایم عبدالحمید موصلیار نے کیا ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے ینے پویا عبدالکنہی نے کہا کہ ہم لوگوں نے آج چھ شخصیات کے لئے تہنیتی پروگرام منعقد کیا تھا ۔ بعض وجوہات کی بنا پر دو شخصیات حاضر نہیں ہوسکیں ۔ جن لوگوں کی تہنیت کی گئی ہے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ اس تہنیتی پروگرام سے ان کے اندر آئندہ بھی مزید عوامی خدمات کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا ۔     


Share: