منگلورو 8 / نومبر (ایس او نیوز) منگلورو سٹی کارپوریشن کے حدود میں سڑکوں پر کھودے گئے گڈھے یونہی کھلے پڑے رہنے سے پیدل راہگیروں اور موٹر بائک سواروں کے لئے مصیبت بن گئے ہیں ۔ دو دن قبل فلنیر وارڈ میں کانکریٹ روڈ پر موجود ایسے ہی ایک کھلے گڈھے میں گرنے کی وجہ سے اسکوٹر سوار شدید زخمی ہوگیا جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
ایم سی سی کے افسران نے بتایا کہ پانی کی پائپ لائن درست کرنے کے لئے ٹھیکیدار نے گڈھا کھودا تھا ۔ میئر سدھیر شیٹی کنور نے مقامی کارپوریٹر جیسینتھا الفریڈ کے ساتھ متعلقہ مقام کا دورہ کیا اور پھر اسپتال پہنچ کر زخمی شخص کی مزاج پرسی کی ۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم سی سی میئر نے کہا کہ ہم نے اس مقام پر بیریکیڈ اور وارننگ بیلٹ لگائے تھے مگر کسی آٹو رکشہ والے نے بیریکیڈس کو نقصان پہنچایا تھا جس کے بعد اسکوٹر سوار نوجوان کو رات کے وقت گڈھا نظر نہیں آیا اور وہ اس گڈھے میں گرنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوا ہے ۔ میں نے ٹھیکیدار کو زخمی شخص کے علاج کا خرچ، گاڑی کو پہنچے ہوئے نقصان کے علاوہ متاثرہ نوجوان کی دس دن کی تنخواہ ادا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے افسران کو ضروری اقدام کرنے کی ہدایت دی ہے ۔