لکھنو،30 ؍دسمبر(آئی این ایس انڈیا)شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف محاذکھولنے والے مشہور شاعر منور رانا کی بیٹی سمیہ رانا اب سیاسی اننگ کاآغاز کرنے جا رہی ہیں۔
سمیہ رانا سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئی ہیں۔ لکھنؤکے گھنٹہ گھرمیں سی اے اے مخالف مظاہرے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی سمیہ رانا ریاست کی یوگی حکومت کے خلاف مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ خاص طور پر جب سے دسمبر 2019 میں ملک کی پارلیمنٹ سے شہریت سے متعلق نیا قانون لایا گیا ہے، وہ مرکز اور یوپی کی یوگی حکومت میں مودی کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ ان کے خلاف پولیس کارروائی بھی کی گئی ہے۔
سی اے اے کے خلاف یوپی میں متعدد مقامات پر مظاہرے بھی ہوئے، جس میں بہت سے لوگوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ کچھ اثاثے بھی قرق کیے گئے ہیں۔
سمیہ راناکے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس سال نومبرمیں وہ بھی نظربندتھیں۔اب جب یوپی میں 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زور پکڑ رہی ہیں سمیہ رانا نے سماج وادی پارٹی کے ساتھ جاکر سیاسی اننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔