بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاست میں اقتدار پر برقرارر ہنے کیلئے کانگریس نے مارچ سے ریاست گیر یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کی رہائش گاہ پر مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاست کے چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹیا کی سبکدوشی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ریاستی حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے کیلئے 13دسمبر سے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر مہم شروع کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے نکالی جارہی پرورتن یاترا فضول ہے۔ اس پارٹی کے لیڈروں کو کرنے کیلئے کچھ کام نہیں ہے اسی لئے یہ لوگ ریاست بھر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔کانگریس ریاست میں برسر اقتدار ہے۔ پچھلے پانچ سال کے دوران اس حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کیا کیا ہے وہ عوام کے سامنے لایا جائے گا، اور اگلے انتخابات کے بعد اور بھی بہتر فلاحی اسکیموں کے نفاذ کیلئے جدوجہد کا وعدہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت اپنی مکمل میعاد فلاحی منصوبوں کی تکمیل پر صرف کرنا چاہتی ہے اسی لئے یاترا کو مارچ تک موخر کیا گیاہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وینو گوپال ، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور اور پارٹی کے سبھی قائدین متحد ہوکر یاترا کیلئے کام کریں گے۔ اس یاترا کے ذریعہ پارٹی اگلے انتخابات میں اقتدار پر آنے کیلئے پوری جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری پروگراموں کو عام کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے جو بھی مہم چلائی جائے گی وہ خالص سرکاری پروگرام ہوں گے اس میں پارٹی کے کوئی عہدیدار شامل نہیں ہوں گے، اسی طرح پارٹی کی طرف سے جو بھی یاترا نکالی جائے اس میں وہ ایک کانگریس کارکن کی طرح وہ بھی شامل رہیں گے اور عوام سے پارٹی کے ربط کو مضبوط کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ گجرات اسمبلی انتخابات کی مہم کیلئے وہاں نہیں جارہے ہیں۔ اعلیٰ کمان کی طرف سے بھی اس سلسلے میں کوئی ہدایت نہیں ملی ، البتہ وزیر توانائی اور کے پی سی سی انتخابی مہم کمیٹی چیرمین ڈی کے شیوکمار گجرات میں انتخابی مہم کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ دھارواڑ میں ضلع پنچایت رکن یوگیش گوڈا کے قتل کے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ یہ معاملہ اب بھی جانچ کے مراحل میں ہے۔ جبکہ بی جے پی جانچ مکمل ہونے سے پہلے ہی اس میں ریاستی وزیر ونئے کلکرنی کو ملوث قرار دیتے ہوئے احتجاج کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے ونئے کلکرنی کے خلاف جو بھی الزامات لگائے جارہے ہیں وہ بعید از حقیقت ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ریاستی حکومت کو سماجی انصاف کی پابند قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے پانچ سال ریاست میں اقتدار پر رہتے ہوئے ہمیشہ سماجی انصاف کے تقاضوں کو نظر انداز کیا ، جبکہ موجودہ حکومت نے اس بات کی کوشش کی کہ ہر طبقے کو انصاف دلایا جائے۔