ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لکشمیشور تھانہ میں لاک اپ ڈیتھ کی سی آئی ڈی جانچ ہوگی: پرمیشور

لکشمیشور تھانہ میں لاک اپ ڈیتھ کی سی آئی ڈی جانچ ہوگی: پرمیشور

Wed, 08 Feb 2017 10:51:13    S.O. News Service

بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) گدگ ضلع کے لکشمیشور پولیس تھانہ میں ہوئی لاک اپ موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے سی آئی ڈی کے ذریعہ جانچ کرائی جائے گی اور ساتھ ہی ریاست میں غیر قانونی ریت کی تجارت پر روک لگانے کیلئے سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔ یہ اعلان آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے ریاستی اسمبلی میں کیا۔ صفر ساعت میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر کی طرف سے لکشمیشور تھانہ میں ہوئی لاک اپ موت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومت کو متوجہ کرائے جانے پر ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اس میں جو بھی ملوث ہے اسے بخشنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں غیر قانونی طور پر ریت کی تجارت ایک حقیقت ہے۔ محکمۂ مالگذاری ، تعمیرات عامہ اور پولیس کی طرف سے مشترکہ کوششوں کے باوجود غیر قانونی طور پر ریت کی نکاسی بعض مقامات پر افسران کی ملی بھگت سے جاری ہے۔ حکومت اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھی ہے۔ پچھلے تین سال کے دوران ریت کی غیر قانونی نکاسی کے سلسلے میں 16200 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ 2014 میں 2966 ، 2015میں 6252 ، اور 2016 میں6855 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں 30ہزار افراد کو گرفتار کرلیاگیاہے۔غیر قانونی ریت سے لدی 25957 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکشمیشور میں ایک معاملہ اتفاقی طور پر واقع ہوچکا ہے۔ اس میں جو بھی ملوث ہیں ان کو بخشنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ جو بھی پولیس افسران لاک اپ ڈیٹھ کے ذمہ دار ہیں، انہیں پولیس کی ملازمت سے برخاست کیا جائے گا، ساتھ ہی سی آئی ڈی جانچ کے بعد جو بھی رپورٹ حکومت کو ملے گی اس کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل جگدیش شٹر نے معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی طور پر ریت کی نکاسی کے دھندے نے ایک بے قصور ڈرائیور کی جان لے لی ہے۔یہ الزامات لگائے جارہے ہیں کہ پولیس والوں نے اس ڈرائیور کی پٹائی کرکے قتل کردیا۔ بتایاجاتاہے کہ لکشمیشور میں ریت کی غیر قانونی تجارت کا سرغنہ خود اس تھانہ کا سب انسپکٹر تھا ،اس کے مافیامیں بڑی بڑی ہستیاں شامل ہیں۔ اسی لئے حکومت اس معاملہ میں سخت کارروائی کرے ۔


Share: