ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فلسطین کی حمایت میں دہلی میں پھر مظاہرہ کی کوشش؛ پولیس نے سیکڑوں مظاہرین کو کیا گرفتار

فلسطین کی حمایت میں دہلی میں پھر مظاہرہ کی کوشش؛ پولیس نے سیکڑوں مظاہرین کو کیا گرفتار

Sat, 28 Oct 2023 11:56:03    S.O. News Service

نئی دہلی 28 اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی): دہلی کے جنتر منتر پر فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کی کوشش کو دہلی پولیس نے پھر روک دیا اور جائے احتجاج پہنچنے سے قبل ہی مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور انہیں بسوں میں بھر کر مختلف تھانوں میں روانہ کر دیا۔ کچھ دیر حراست میں رکھنے کے بعد مظاہرین کو چھوڑ دیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ مختلف تنظیموں نے فرینڈس آف فلسطین کے نعرہ پر فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کیلئے مظاہرہ کی اپیل کی تھی جس کی مناسبت سے جمعہ کو سکیڑوں کی تعداد میں لوگ فلسطین کی حمایت کرنے جنتر منتر پہنچے لیکن پولیس نے ان کو اس کی اجازت نہیں دی۔ اس دوران حفاظتی انتظامات کے تحت پولیس نے جائے وقوع پر دفعہ 144 کا نفاذ کر رکھا تھا، نیز کثیر تعداد میں پولیس و نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے ساتھ کئی بسیں بھی کھڑی کی تھی بعد میں انہی بسوں میں مظاہرین کو بھر کر لے جایا گیا۔

اس موقع پر یونائٹیڈ اگینسٹ ہیٹ کے ندیم خان، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر سراج طالب، اسٹو ڈینٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ( ایس آئی او) کے قومی صدر رمیس ای کے، قومی سیکریٹری ،عمران حسین، شیخ سہیل، آصف اقبال تنہا سمیت سیکڑوں لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔

 مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل جو فلسطین میں کر رہا ہے وہ صرف اور صرف نسل کشی ہے اور آج ہم یہاں اسکے خلاف احتجاج درج کرنے آئے ہیں لیکن دہلی پولیس نے ہمیں اس کی اجازت نہیں دی جو ایک جمہوری ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر سوالیہ نشان ہے ۔ مظاہرین نے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل سے فوری طور پر فلسطین میں جاری نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کا خاتمہ کیا جائے ، اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اہل غزہ کیلئے خوراک پانی اور بجلی کا بندوبست کیا جائے۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ اسرائیلی مظالم کے شکار مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم پر اقوام متحدہ کی خاموشی شرم ناک ہے۔ سبھی کو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے متحد ہو کر آگے آنا چاہیے۔ مظاہرہ میں شرکت کرنے پہنچے طلبہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم فلسطین کے ساتھ ہیں۔ غزہ پر اسرائیل کی بمباری نسل کشی ہے۔ ہم اسرائیل کی حمایت میں کھڑے سامراجی ممالک کے مذموم اتحاد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ ایک بین الاقوامی جرم ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی اپنی سرزمین سے باہر کرنا ہے۔

 فلسطینیوں کی قانونی حکومت کو کمزور کرنا، غزہ پر بار بار فوجی حملے، فلسطین پر غیر قانونی قبضہ اور اسرائیل کے سرکاری بیانات یہ سب بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ شہریوں پر بمباری، بجلی کاٹنا، خوراک اور پانی سے محروم کرنا اور سب سے بڑھ کر اسپتالوں پر بمباری اسرائیل کی طرف سے اجتماعی بر بریت ہے۔


Share: