پیرس، 30/دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) فرانس کی ایک خاتون سو ارب ڈالر کی مالک بن گئی جس کے تعلق سے بتایا جارہا ہے کہ دنیا میں پہلی بار ایک خاتون ۱۰۰؍ ارب ڈالرز سے زیادہ دولت کی مالک بن گئی ہے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والی فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس کے اثاثے ۱۰۰؍ ارب ڈالرز سے زائد ہوگئے ہیں اور وہ پہلی خاتون ہیں جو ایسا کرنے میں کامیاب ہوئیں ۔
دنیا کے مقبول ترین میک اپ برانڈ ’لوریال‘کی مالک فرانکوئس بیٹن کورٹ دنیا کی ۱۲؍ ویں امیر ترین شخصیت ہیں اور پہلی بار ان کے اثاثے ۱۰۰؍ ارب ڈالرز تک پہنچے ہیں۔ اس طرح سے وہ دنیا کی امیر ترین خاتون بھی بن گئی ہیں ۔ان کی کمپنی کے حصص کی مالیت میں ۲۰۲۳ء کے دوران ۳۵؍ فیصد اضافہ ہوا جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ کووڈ کی وبا کے بعد لوگ ایک بار پھر پرتعیش مصنوعات پر پیسے خرچ کر رہے ہیں اور ان میں میک اپ کے سامان پر سب سے زیادہ خرچ کیا جارہا ہے۔اس تعلق سے کئے گئے سرویز میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ کووڈ کے بعد اب دوبارہ لوگ لگژری سامان خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔
یاد رہے کہ ۷۰؍سالہ فرانکوئس بیٹن کورٹ کے والد نے لوریال گروپ آف کمپنیز کی بنیاد رکھی تھی اور وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہیں ۔ ۲۰۱۷ءمیں ان کی والدہ کے انتقال کے بعد انہیں کمپنی کے ۳۳؍فیصد حصص اور دیگر اثاثے مل گئے تھے جس کے بعد وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئی تھیں ۔ اس وقت وہ دنیا کی سب سے بڑی کاسمیٹک کمپنی کی وائس چیئر پرسن ہیں ۔اگرچہ ان کے اثاثے۱۰۰؍ ارب ڈالرس تک پہنچ گئے ہیں مگر دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے مقابلے میں بہت کم نظر آتے ہیں جو ۲۳۲؍ارب ڈالرس کے مالک ہیں ۔ واضح رہے کہ اس فہرست میں ہندوستان سے گوتم اڈانی اور مکیش امبانی بھی شامل ہیں۔ یہ دونوں شخصیات بھی دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔
فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس بزنس کے ساتھ ساتھ لکھنا بھی پسند کرتی ہیں اور اب تک مختلف موضوعات پر کئی کتابیں تحریر کرچکی ہیں ۔انہوں نے۱۹۸۴ءمیں شادی کی تھی اور ان کے ۲؍ بیٹے ہیں ۔ ۱۰۰؍ ڈالرس کی دولت تک پہنچنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ان کے لئے دولت بہت زیادہ معنی نہیں رکھتی کیوں کہ یہ ان کے والد کی بنائی گئی دولت ہے جو انہیں حاصل ہوئی ہےلیکن جو کمپنی ان کے والد نے بنائی ہے وہ اسے برقرار رکھنے اور کامیاب بنانے ہر ممکن کوشش کرتی رہیں گی۔