آگرہ 9/ ڈسمبر (ایس او نیوز)عمرہ کے مقدس سفر پر جانے کے لئے پاسپورٹ بنوانے کی کوشش کے دوران خاتون کے سرپر پولس کی گولی لگ جانے سے وہ شدید زخمی ہوگئی جس کی شناخت عشرت نگار(52) کے طورپرکی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق خاتون پاسپورٹ انکوائری کے لئے جمعہ کی دوپہرقریب تین بجے علی گڑھ کے کوتوالی پولیس اسٹیشن پہنچی تھی جب قریب کھڑے سب انسپکٹر کے ہاتھ سے پستول کی گولی چل گئی جو سیدھے خاتون کے سر پرجا لگی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ حادثاتی طور پر گولی چلی ہے لیکن بھوج پورہ پولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر منوج کمارکو غفلت برتنے پر ڈیوٹی سے معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف علی گڑھ کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں دفعہ 307 (قتل کی کوشش) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ واقعے کے بعد پولس اہلکار فرارہوگیا ہے اور اس کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری طرف خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس پاسپورٹ بنوانے کے لئے درکار این او سی کےلیے خاتون سے رشوت مانگ رہی تھی جس کو لے کر پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی۔
زخمی خاتون، جس کو سنگین حالت میں علی گڑھ کے جواہرلعل نہرومیڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے مریضہ کے لیے انہتائی نازک ہیں۔
پتہ چلا ہے کہ سب انسپکٹرمنوج کمارشرما (50) علی گڑھ میں بھوج پورہ پولیس چوکی کے انچارج تھے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آگرہ سے شفٹ ہونے کے بعد اس نے تین ماہ قبل علی گڑھ میں ڈیوٹی جوائن کی تھی۔
علی گڑھ کے ایس ایس پی کالاندھی نیتھانی نے بتایا کہ "معاملے کی جانچ ہورہی ہے اوراس بات کا پتہ لگایا جارہا ہےکہ بندوق سے گولی کیسے چلی۔انہوں نے مزید بتایا کہ’’مجرمانہ غفلت کے لیے ایس آئی کے خلاف محکمانہ جانچ کا حکم دیا گیا ہے اور قصوروار پائے جانے پر اسے کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے کی کوئی پردہ پوشی نہیں کی جائے گی کیونکہ سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب ہے اور واقعے کے وقت زخمی خاتون کا بیٹا بھی تھانے میں موجود تھا۔
زخمی خاتون کی مایوس بیٹی نے بتایا کہ ’’میری والدہ حج اورعمرہ پر جانے کا ارادہ کر رہی تھیں جس کے لیے وہ پاسپورٹ کی انکوائری کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچی تھیں۔‘‘