ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ظلم پر خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی جمعیۃ علما ہند: مولانا ارشد مدنی

ظلم پر خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی جمعیۃ علما ہند: مولانا ارشد مدنی

Fri, 17 Jun 2022 22:26:40    S.O. News Service

نئی دہلی، 17؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے پٹیشن پر سپریم کورٹ کی فوری مداخلت اور عدالت کے ذریعہ اتر پردیش سرکار کو تین دن کے اندر حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا یہ عبوری حکم خوش آئند ہے۔اور ہم یہ امید کرتے ہیں کہ حتمی فیصلہ بھی مظلوموں کے حق میں ہوگا ان شا ء اللہ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں آئین اور دستور ہے،قانون پر عمل کرنا سبھی کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خود آئین مخالف اقدامات کررہے ہیں۔

مولانا نے کہا کہ پر امن احتجاج عوام کا بنیادی حق ہے، حکومت کی طرف سے اس کی اجازت نہ دینا احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج کرنا، انہیں گرفتار کرلینا، پولیس اسٹیشن میں جانوروں کی طرح مارنا پیٹنا،اور ان کے مکانوں کو مسمار کردینا کھلا ہوا جبر و استبداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کو ان کے جمہوری اور دستوری حق سے محروم کرنے کی سازش ہے۔مولانا مدنی نے مزید کہا کہ سالیسٹر جنرل تشار مہتا کا یہ کہنا کہ جمعیۃ علما ء ہند کو سپریم کورٹ آنے کا کیا حق پہنچتا ہے۔

متاثرین کو خود آنا چاہیے۔تشار مہتا کی یہ بات سراسر غلط ہے کیوں کہ جمعیۃعلما ہند کا ہمیشہ سے مظلوموں کو انصاف دلانے اور انسانیت کی بنیاد پر بلا تفریق مذہب و ملت خدمت کرنا اس کا مشن ہے۔ جمعیۃعلماء ہنداسی مشن کے تحت میدان میں آئی ہے۔جن علاقوں میں انہدامی کارروائی ہوئی ہے وہاں کے لوگ ڈرے اور سہمے ہوئے ہیں۔جمعیۃ علماء ہند، متاثرین اور انصاف پسند عوام کی درخواست پر ہی سپریم سے کورٹ سے رجوع ہوئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ عدالت سکیولرزم کی حفاظت کیلئے مضبوط فیصلہ کرے گی تاکہ ملک امن وامان سے چلتا رہے اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہ ہو۔


Share: