کاروار، 12 / اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں اتی کرم داروں کے مالکانہ حقوق کے لئے جد و جہد کرنے والی ہوراٹا کمیٹی کے صدر رویندرا نائک کے بیان کے مطابق ضلع میں رہائشی اور زراعت کے مقصد سے ریوینیو زمین پر قبضہ کرنے والے 73 ہزار سے زائد خاندانوں کو ایسی زمینوں سے بے دخل کیے جانے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریوینیو زمین کے اتی کرم داروں نے اس قبضے کو قانونی طور پر جائز قرار دینے اور قبضہ داروں کو مالکانہ حقوق دینے کی جودرخواستیں دی تھیں ان میں سے 97.7% درخواستوں کی جانچ اور کارروائی کا عمل پورا کیا گیا اور 89.8% درخواستیں مسترد کی گئی ہیں ۔
ضلع میں زرعی اور رہائشی مقاصد سے اتی کرم کی گئی ریوینیو زمین کے مالکانہ حقوق کے لئے جملہ 82,135 درخواستیں دی گئی تھیں ان میں سے 73,732 درخواستیں نامنظور ہوئی ہیں اور صرف 6,489 درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب تقریباً قانونی کارروائی کے تحت آٹھ ہزار خاندانوں کو بے دخل کیے جانے کا عمل شروع ہوسکتا ہے ۔