ممبئی، 10؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا جلد ہی مخصوص استعمال کے امور کیلئے ڈجیٹل روپیہ (ای روپیہ) کی شروعات کرے گا-ریزرو بینک نے ہندوستان کیلئے سینٹرل بینک ڈجیٹل کرنسی (سی بی ڈی سی) پر ایک خاکہ نوٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جیسے جیسے اس طرح کی پائلٹ شروعات کی رینج اور دائرہ وسیع ہوتا ہے، ریزرو بینک وقتاً فوقتاً، ای روپیہ کی خصوصیات اور فوائد کے بارے میں آگاہ کرے گا-
اس کانسیپٹ نوٹ کو جاری کرنے کا مقصد سی بی ڈی سی کی عمومی خصوصیات اور خاص طور پر ڈجیٹل روپیہ (ای-روپیہ) کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے - اس کے ذریعہ ہندوستان میں سی بی ڈی سی کے اجراء کے مقاصد، اختیارات، فوائد اور خطروں کی وضاحت کرنا مقصودہے - اس خاکہ نوٹ سے سی بی ڈی سی کو متعارف کرنے کے بارے میں ریزرو بینک کے نقطہ نظر کوبھی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے -خاکہ نوٹ میں کلیدی موضوعات جیسے ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کے اختیارات، ڈجیٹل روپیہ کے ممکنہ استعمال، اجراء کے طریقہ کار وغیرہ پر بھی بات کی گئی ہے -اس میں بینکنگ سسٹم، مانیٹری پالیسی، مالیاتی استحکام پر سی بی ڈی سی کے متعارف ہونے کے مضمرات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے اور رازداری کے مسائل کا تجزیہ کیا گیا ہے -