بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاست کے چیف سکریٹری کے عہدہ سے آج سبھا چندر کنٹیا سبکدوش ہوگئے ۔وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج اپنی ہوم آفس کرشنا میں انہیں اعزاز پیش کرکے سرکاری خدمات سے وداع کیا۔ عموماً کسی بھی چیف سکریٹری کیلئے وداعی تقریب ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے ذریعہ کی جاتی ہے، لیکن ہفتہ چونکہ کابینہ میٹنگ نہیں ہے اسی لئے وداعی تقریب وزیراعلیٰ نے اپنی رہائش گاہ پر طلب کرلی، اس موقع پر وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار، اڈیشنل چیف سکریٹری اور ممکنہ چیف سکریٹری رتنا پربھا ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نیلا منی راجو وغیرہ موجود تھے۔ سبھاش چندر کنٹیا 1971بیچ کے آئی اے ایس آفیسر ہیں۔ 1982میں وہ کرناٹک میں خدمات پر مامور ہوئے اور اس وقت سے ہی وہ سینئر آئی اے ایس افسران میں شمار کئے جاتے ہیں۔ اڑیسہ کے متوطن سبھاش چندرکنٹیا نے اپنی سرکاری خدمات کا زیادہ تر وقت کرناٹک میں ہی گزارا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے وداعیہ لینے کے بعد انہوں نے کہا کہ ریاستی کرناٹک میں خدمت انجام دینے کا موقع ملنے پر وہ اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا اور ریاستی کابینہ کے وزراء کی طرف سے ملنے والے تعاون پر انہوں نے تما م کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہاکہ حکومت کے تمام عہدیداروں کی طرف سے بھی ان کے ساتھ جو تال میل اور تعاون رہا وہ یقیناًقابل تعریف ہے۔