ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ، کانگریس کا احتجاج

راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ، کانگریس کا احتجاج

Wed, 15 Jun 2022 11:44:58    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍جون (ایس او نیوز) نیشنل ہیرالڈ اخبار سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی ای ڈی کے دفتر پہنچے ہیں - ان سے آج پھر پوچھ گچھ کی جائے گی- پیر کو ان سے 10 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی-اس دوران کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا، اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت سمیت کئی لیڈروں کو پولیس نے کانگریس دفتر کے باہر سے حراست میں لے لیا-یہ سبھی ای ڈی آفس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے-پولیس نے کانگریس دفتر اور ای ڈی ہیڈکوارٹر کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی ہے-کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بی جے پی حکومت پر حملہ کیا ہے اور بی جے پی لیڈروں کے نام گنتے ہوئے پوچھا ہے کہ ای ڈی ہمنت بسوا سرما یا ا یڈی یورپا کو کیوں نہیں بلاتی؟-سرجے والا نے کہا کہ راہل گاندھی کے خلاف ای ڈی کی تحقیقات ان کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ مودی حکومت سے ہمارے علاقے پر چین کے قبضے، مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، بے روزگاری، مذہبی انتقام جیسے مسائل پر سوالات اُٹھائے ہیں -سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی میڈیا اور’واٹس ایپ یونیورسٹی‘ کا استعمال کر رہی ہے- انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی صنعت کاروں کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور انہیں بیرون ملک ٹھیکے دلا رہے ہیں -انہوں نے عوام سے کہا کہ اسے سمجھیں کہ بی جے پی نے حملہ کیا ہے کیونکہ راہل گاندھی، آپ لوگوں کی آواز بلند کرتے ہیں - راہل نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حکومت سے سوال کیا-کانگریس ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ صرف راہل اور کانگریس پر نہیں بلکہ بے روزگاروں اور غریبوں پر ہے- راہل گاندھی سے آج دوسرے دن بھی ای ڈی کی پوچھ گچھ جاری ہے -

راہل گاندھی کے خلاف ای ڈی کی کارروائی جائز نہیں: چدمبرم:کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ راہل گاندھی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کی کارروائی جائز نہیں ہے- چدمبرم نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ کانگریس قانون کے غلط استعمال کی مخالفت کر رہی ہے- یہ احتجاج جاری رہے گا- اگر ای ڈی قواعد پر عمل کرتی تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا- ای ڈی من مانی سے کام کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ ای ڈی کو بتانا چاہئے کہ راہل کا مقررہ جرم کیا ہے؟

ای ڈی اس کا کوئی جواب نہیں دے رہی ہے- قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے پیر کو طلب کیا تھا اور ان سے تقریبا آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی- آج پھر راہل گاندھی کو ای ڈی کے دفتر بلایا گیا ہے- ای ڈی کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے- اسی سلسلے میں کل دہلی میں کانگریس کے کئی لیڈروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا- چدمبرم بھی کل کے احتجاج میں شامل ہوئے تھے- کانگریس کا الزام ہے کہ اس دوران پولیس نے سینئر لیڈر کے ساتھ بدتمیزی کی- آج بھی کانگریس لیڈر اور کارکن سڑکوں پر ہیں - سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر دارالحکومت میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے-


Share: