ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی-این سی آر سمیت پورے شمالی ہندوستان میں گھنے کہرے کی چادر، حد نگاہ نہ ہونے کے برابر، ٹھنڈ کو لے کر ریڈ الرٹ جاری

دہلی-این سی آر سمیت پورے شمالی ہندوستان میں گھنے کہرے کی چادر، حد نگاہ نہ ہونے کے برابر، ٹھنڈ کو لے کر ریڈ الرٹ جاری

Mon, 09 Jan 2023 11:35:47    S.O. News Service

نئی دہلی، 9؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی-این سی آر میں پیر کی صبح یعنی آج بے حد گھنا کہرا چھایا رہا ہے۔ گھنی دھند میں حد نگاہ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ شدید سردی اور دھند کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک اس شدید سردی سے کسی قسم کی کوئی راحت نہیں ملنے والی ہے۔ دہلی پہلے ہی ڈلہوزی، شملہ، دہرادون اور نینی تال سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے، لیکن سردی کے ساتھ ہی گھنے کہرے نے ٹرافک کو کافی زیادہ متاثر کیا ہے، لوگوں کو آنے جانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، آج صبح 5:30 بجے حد نگاہ دہلی کے صفدرجنگ میں 25 میٹر، دہلی کے پالم میں 50 میٹر، پنجاب کے بھٹنڈہ میں 0 میٹر، امرتسر میں 25 میٹر اور امبالا میں 25 میٹر، حصار میں 50 میٹر تھی۔ جب کہ اتر پردیش کے آگرہ میں یہ 0 میٹر، لکھنؤ میں امؤسی ائیرپورٹ میں 0 میٹر، وارانسی کے بابت پور میں 25 میٹر، بریلی میں 50 میٹر تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یوپی، بہار، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، راجستھان، پنجاب اور ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں شدید سردی کے ساتھ گھنی دھند چھائی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی، پنجاب، ہریانہ، یوپی میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہندوستان میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ یعنی ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہے گی۔

بہار میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے سرد لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ گیا میں سب سے کم درجہ حرارت 2.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ 10 جنوری کے بعد سردی سے نجات متوقع ہے۔ راجستھان، بہار میں محکمہ موسمیات کی جانب سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مغربی پٹی کے کئی اضلاع بشمول یوپی سہارنپور، پیلی بھیت، بریلی، میرٹھ میں سردی اور دھند کو لے کر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی حصوں میں اگلے 48 گھنٹوں کے لیے ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے۔


Share: