جودھپور،9؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان کے جودھپور سے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں یکے بعد دیگرے 6گیس سلینڈرپھٹنے سے 4 لوگوں کی موت ہوگئی ہے،اور16لوگ زخمی ہوگئے ہیں،کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اس دھماکہ میں کئی گاڑیاں بھی نذر آتش ہوگئی ہیں۔ واقعہ کے بعد جائے واقع پر انتظامیہ کی ٹیم پہنچ گئی ہے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال لے جایا جارہا ہے۔ وہیں اس واقعہ کے بعد سے پورے علاقہ میں دہشت کا ماحول ہے۔
اس واقعہ کو لے کر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے لکھا کہ جودھپور میں مگرا پونجلا ایریا کے کیرتی نگر میں گیس سلینڈر پھٹنے سے چار لوگوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی جانکاری کافی دکھ پہنچانے والی ہے۔
مقامی انتظامیہ سے پورے واقعہ کی جانکاری لی ہے اور زخمیوں کے مکمل علاج کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ اس واقعہ میں کئی زخمیوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔کچھ لوگ 80فیصد تک جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔
وہیں اس واقعہ کے بعد سے جائے واقعہ پر افراتفری کا ماحول بن گیا ہے۔