ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت کی تاناشاہی ہمیں جھکا نہیں سکے گی:کانگریس

حکومت کی تاناشاہی ہمیں جھکا نہیں سکے گی:کانگریس

Wed, 27 Jul 2022 11:35:46    S.O. News Service

نئی دہلی،27؍ جولائی (ایس او نیوز؍یو این آئی ) کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت گزشتہ آٹھ برسوں سے اپوزیشن کو دھمکانے اور دبانے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے، لیکن اس کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں اور کانگریس تنظیم اپنی قیادت کے ساتھ متحد ہو کر مودی حکومت کے ہر غلط اقدام کا جمہوری انداز میں جواب دے گی۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری اجے ماکن نے منگل کے روز پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ صورتحال ایسی ہے کہ کانگریس ہیڈکوارٹر کے باہر پولیس کا سخت پہرہ ہے اور یہاں تک کہ پارٹی لیڈروں کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) میں بلایا گیا ہے، لیکن حکومت بہت خوفزدہ اور گھبرائی ہوئی ہے، اسی لیے کانگریس کے ہیڈکوارٹر 24 اکبر روڈ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کو خوفزدہ کرنے اور پارٹی قیادت کو جھکانے کے لئے گزشتہ آٹھ برسوں سے مودی حکومت نے بہت زور لگایا لیکن کانگریس جھکنے والی نہیں ہے اور اس حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف کانگریس کارکنان، ایم ایل اے، ممبران پارلیمنٹ اور قائدین محترمہ گاندھی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آج ملک بھر کے تمام ریاستی دارالحکومتوں میں بڑے پیمانے پر ستیہ گرہ کریں گے۔ حکومت ملک کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے کے لیے ای ڈی جیسے اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے اپوزیشن کو جھوٹے الزامات میں پھنسا رہی ہے۔


Share: