ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ میں ڈینگو کاقہر؛ سات افراد ہلاک، ڈیڑھ ہزار سے زائد متاثر؛ چکن گنیا کے بھی پائے گئے 240 مریض

جھارکھنڈ میں ڈینگو کاقہر؛ سات افراد ہلاک، ڈیڑھ ہزار سے زائد متاثر؛ چکن گنیا کے بھی پائے گئے 240 مریض

Sat, 30 Sep 2023 19:02:20    S.O. News Service

رانچی، 30/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) جھارکھنڈ میں ڈینگو  سے چار طلبہ سمیت سات لوگ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ڈیڑھ ہزار افراد متاثر ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کی مانیں تو  گزشتہ چار سالوں میں ڈینگو کے متاثرین کی تعداد اتنی زیادہ کبھی نہیں دیکھی گئی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق ریاست کے ضلعی اسپتالوں میں قائم کئے گئے ڈینگو وارڈ مریضوں سے بھرگئے ہیں۔ اویناش کمار جھا، جو کہ میڈیکل کے پہلے سال کے طالب علم تھے، جمعہ کو جمشید پور کے ٹاٹا مین ہسپتال میں علاج کے دوران فوت ہو گئے۔ وہ آدتیہ پور باباکوٹی کے رہنے والے تھے۔ جمشید پور کے جے پی ایس باریڈیہ، تارا پور ایگریکو اور ڈی بی ایم ایس اسکولوں کے تین طلبہ کی بھی ڈینگو کی وجہ سے موت واقع  ہو گئی ہے۔ جمشید پور میں جمعہ کو 19 مریضوں میں ڈینگو کی تشخیص کی گئی ہے۔

ریاستی وزیر صحت بنا گپتا جو خود جمشید پور کے رہنے والے ہیں ، اسی علاقہ سے  زیادہ تر مریض پائے گئے ہیں جبکہ ان کے  ضلع مشرقی سنگھ بھوم  میں  ڈینگو کے مریضوں کی کل تعداد 891 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال جنوری سے اب تک ریاست میں ڈینگو کے 1534 مریض ہیں جبکہ  چکن گنیا کے 240 مریض پائے گئے ہیں۔ بتاتے چلیں کہ یہ تعداد صرف سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی ہے، اس کے علاوہ پرائیویٹ اسپتالوں میں  کتنے مریض  علاج کرارہے ہیں،وہ معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ  سینکڑوں مریض نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صاحب گنج میں 202 اور سرائے کیلا-کھرساواں میں 109 مریض پائے گئے ہیں۔ رانچی میں 69، دمکا میں 51، ہزاری باغ میں 43، دھنباد میں 40، دیوگھر میں 27، گریڈیہ میں 19، کھونٹی میں 19، پاکوڑ میں 16، چترا میں 14، لوہردگا میں 6، بوکارو میں 5 اور کوڈرما اور گڑھوا میں ایک ایک مریض پایا گیا ہے۔

ریاست کے 24 میں سے صرف چھ اضلاع ایسے ہیں جہاں ڈینگو اور چکن گنیا کا کوئی مریض نہیں ملا ہے۔ اس سال اب تک چکن گنیا کے سب سے زیادہ مریض رانچی میں پائے گئے ہیں۔ اب تک رانچی میں 162، مشرقی سنگھ بھوم میں 56، دیوگھر میں 10، گوڈا میں 8 اور لوہردگا میں 4 مریض پائے گئے ہیں۔ تاہم چکن گُنیا سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔ ریاستی ملیریا افسر ڈاکٹر وریندر کمار کا کہنا ہے کہ ریاست میں اس بیماری کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے، پہلے روزانہ 50 سے زائد مریض پائے جا رہے تھے  اب   مریضوں کی تعدادگھٹ رہی ہے۔


Share: