ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل ناڈو کے وزیر ادھیا ندھی اسٹالن نے تازہ بیان میں کہا: سناتن دھرم کو ختم کرنے سے ہی چھوا چھوت کا خاتمہ ممکن

تمل ناڈو کے وزیر ادھیا ندھی اسٹالن نے تازہ بیان میں کہا: سناتن دھرم کو ختم کرنے سے ہی چھوا چھوت کا خاتمہ ممکن

Sat, 23 Sep 2023 13:50:35    S.O. News Service

چنئی ،23/ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) تمل ناڈو کے کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر، ادھیاندھی اسٹالن جنہوں نے سناتن دھرم کے خلاف توہین آمیز تبصرے کرکے ملک بھر میں ہلچل مچا دی تھی،اب وہ  یہ کہہ کر ایک بار پھر خبروں میں آگئے ہیں کہ سناتن دھرم کو ختم کرنے سے ہی چھو اچھوت کا خاتمہ ممکن ہے- ادھیاندھی نے چہارشنبہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس طرح کا بیان دیا-

ڈی ایم کے کے نوجوان لیڈرجو وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے بیٹے بھی ہیں، نے کہا ہم کہتے ہیں کہ سناتن دھرم کو صرف چھو اچھوت کو ختم کرنے کے لیے ختم کیا جانا چاہیے- میرا یقین ہے کہ اگر سناتن دھرم ختم ہو جائے گا توچھو اچھوت بھی ختم ہو جائے گی-وہ ریاست میں سماجی امتیاز پر تمل ناڈو کے گورنر آر این روی کے بیان کا جواب دے رہے تھے- ادھیاندھی نے پہلے کہا تھا کہ سناتن دھرم ڈینگی، ملیریا کی طرح ہے اور اسے ختم کرنا ہے- اس بیان نے پورے ملک میں  بڑا تنازعہ کھڑا کردیا تھا، بی جے پی نے اسے فوری طور پر نسل کشی قرار دیا-ٹویٹ میں کہا تھا کہ ڈی ایم کے لیڈر نے ہندو آبادی کی نسل کشی کا مطالبہ کیا ہے جو ملک کی کل آبادی کا80فیصد ہے- مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی کھلے عام کہا تھا کہ ادھیاندھی ہندو برادری کے خلاف نسل کشی کو فروغ دے رہے ہیں -

تاہم   اس بیان کے سامنے آنے کے بعد ڈی ایم کے بیک فٹ پر چلی گئی-اور اسٹالن نے عوامی طور پرکہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے سناتن دھرم کا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ کہ بحث نریندرمودی سرکارکی بدعنوانی پر ہونی چاہیے-انہوں نے سی اے جی کی رپورٹوں کا بھی حوالہ دیا اور بدعنوانی کے معاملے پر بی جے پی، این ڈی اے اتحاد کے خلاف لڑائی کا مطالبہ کیا-


Share: