حیدرآباد 21/نومبر(ایس او نیوز)تلنگانہ میں 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اپنی کامیابی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کانگریس پوری طرح سے سرگرم ہوگئی ہے۔ اس نے یہاں آخری دنوں میں لگاتار ریلیوں کی منصوبہ بندی کی ہے جس کا آغاز ملکارجن کھرگے کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق ’اے آئی سی سی‘ کے تمام سرکردہ لیڈران تلنگانہ کی انتخابی مہم کے آخری مرحلے کیلئے میدان میں اُتریں گے۔ ان میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکارجن کھرگے، کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا، نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، بھوپیش بگھیل، پی چدمبرم، راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت اور ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو کے نام قابل ذکر ہیں جو تلنگانہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔
ان کے علاوہ تلنگانہ کی اداکارہ سے سیاستداں بنی سابق رکن پارلیمان وجے شانتی جو حال ہی میں بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئی ہیں، وہ بھی اس مہم میں حصہ لیں گی۔ سابق مرکزی وزراء اور سابق وزرائے اعلیٰ کے دورہ تلنگانہ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اے آئی سی سی کے اعلیٰ لیڈروں کے دوروں کا سلسلہ اس ماہ کی ۲۲؍ تاریخ سے کانگریس سربراہ سے شروع ہوگا۔ ملکارجن کھرگے ۲۲؍ نومبر کو عالم پور اور نلگنڈہ میں انتخابی مہم چلائیں گے جبکہ وجے شانتی کھمم، محبوب نگر اور گریٹر حیدرآباد کے قریبی حلقوں کا دورہ کریں گی۔
اطلاعات کے مطابق پی سی سی کا ورکنگ گروپ انتخابی مہم کے انتظامات میں مصروف ہے۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے حال ہی میں اعلان کردہ۶؍ضمانتوں پر منشور میں انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت کانگریس کے لیڈران رائے دہندگان کو چندرشیکھرراؤ حکومت کی ناکامیوں کے ساتھ ہی پارٹی کی جانب سے کئے جانے والے وعدوں اور ضمانتوں کی تفصیلات سے واقف کروائیں گے۔ پارٹی نے مہم کے آخری مرحلے میں سونیا گاندھی کو ریاست کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ اس دوران پارٹی نے اپنے اندرونی سروے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آئے گی۔ اے آئی سی سی بھی ریاستی قیادت سے وقتاً فوقتاً رپورٹس طلب کررہی ہے اور ان کا تجزیہ کررہی ہے۔
دریں اثناسابق مرکزی وزیر اورکانگریس کی سینئر لیڈر رینوکا چودھری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کانگریس اپنی راہ میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے عہدہ کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت کی تشکیل کیلئے درکار نشستیں کانگریس حاصل کرلے گی کیونکہ پارٹی کی طرف سے جاری کی گئی ۶؍ ضمانتوں کا عوام دل کھول کر خیر مقدم کررہے ہیں۔
بتاتے چلیں کہ یہاں 30/ نومبر کو انتخابات ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 3/ڈسمبر کو ہوگی اور اسی دن نتائج ظاہر ہوں گے۔