منگلورو 4 / جولائی (ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں بے تحاشہ برستی ہوئی بارش کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کل صبح 8:30 بجے تک ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشین گوئی کی ہے کہ بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ مزید تیز برسات ہونے کے امکانات ہیں۔ جس کے ساتھ ہی مینگلور سمیت ضلع دکشن کنڑا کے تعلیمی اداروں میں بدھ کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے آرینج الرٹ جاری کیا تھا۔ آج دوپہر کے بعد شمالی کینرا کے علاوہ اڈپی ضلع اور جنوبی کینرا میں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے لگی ہیں۔ مسلسل اور تیز بارش کی وجہ سے عام زندگی کے معمولات بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔
آج منگل کوبارش سے درپیش حالات کو دیکھتے ہوئے جنوبی کینرا کے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے ڈسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی کی فیصلہ کے تحت منگلورو، الال، مولکی ،بنٹوال ، موڈبیدری کے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا ۔ اب چونکہ بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ کا اعلان بھی کیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے کل بدھ کو بھی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے کے علاوہ اندرونی کرناٹکا کے شیموگہ، ہاسن، چکمگلورو، کوڈاگو وغیرہ میں آئندہ دو تین دنوں تک موسلا دھار برسات ہوگی ۔ ان علاقوں کے لئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔