
بھٹکل، 27 / جون (ایس او نیوز) گزشتہ تقریباً سات سال تک بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل میں ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر کےطور پر خدمات انجام دینے والی ڈاکٹر سویتا کامت کا تبادلہ ہوگیا ہے اور اب وہ قریبی شہر شیرالی کے کمیونٹی ہیلتھ سنیٹر میں اپنی خدمات انجام دیں گی ۔
1989 میں کستوربا میڈیکل کالج ہبلی سے فارغ ہونے والی ڈاکٹر سویتا کامت نے سن 2018 میں بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل کی ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر کی ذمہ داری سنبھالی تھی جس کے بعد اس ہاسپٹل میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری، مریضوں کے لئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ہاسپٹل کے لئے جدید طرز کی سہولتوں کے انتظام و انصرام کا ایک نیا دور شروع ہوا ۔
ڈاکٹر سویتا کامت نے سرکاری فنڈ کے علاوہ مقامی مخیر حضرات سے عطیہ جات حاصل کرتے ہوئے مریضوں کے کام آنے اور تعلقہ ہاسپٹل کو ترقی کی راہ پر ڈالنے والی کئی نئی سہولتیں روشناس کروائیں ۔ جس میں ڈائلیسس سنٹر، جدید ایمرجنسی وارڈ، آکسیجن پلانٹ کی تعمیر، آئی سی یو وارڈ وغیرہ شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ کووڈ وبا کے زمانے میں عوامی نمائندوں، مقامی سماجی تنظیموں اور عوام کے تعاون سے ڈاکٹر سویتا نے اپنی ٹیم کے ساتھ نے جو خدمات انجام دی ہیں وہ بھی قابلِ ستائش رہی ہیں ۔
اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ ڈاکٹر سویتا کی محنت اور کوششوں کے نتیجے میں بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل کا شمار اتر کنڑا ضلع کے بہترین اسپتالوں میں ہونے لگا ۔
اپنے تبادلے اور شیرالی ہاسپٹل میں تعیناتی کے پس منظر میں ڈاکٹر سویتا کامت نے کہا "بھٹکل سرکاری ہاسپٹل میں خدمات انجام دینے کے دوران تعاون اور ساتھ دینے والے تمام لوگوں کی ممنون ہوں ۔ آئندہ میری خدمات شیرالی کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں دستیاب رہیں گی ۔"