بیلگاوی، یکم ستمبر (ایس او نیوز) کیتور تعلقہ میں بیلورو نشچکل منٹپا نجگونانندا سوامی جی، ریاست کے تین وزراء ، ادیبوں اور اداکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا ایک بے نامی خط موصول ہوا ہے ۔
خیال رہے کہ کچھ دن پہلے بھی نجگونانندا سوامی جی کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا ۔ اس مرتبہ جو دھمکی بھرا خط ملا ہے اس میں ریاستی وزیر ستیش جارکیہولّی، دنیش گنڈوراو اور پریانک کھرگے کے نام بھی درج ہیں ۔ اس خط میں لکھا ہے کہ تم اسے لو لیٹر سمجھو یا پھر ڈیتھ لیٹر سمجھو ۔ میں تمہارے ساتھ مذاق نہیں کر رہا ہوں ۔ تم جو پاپ کے پروگرام منعقد کیا ہے، اسی میں پروگرام میں تمہاری آنکھوں کے سامنے ہی تمہاری موت کا خط لکھ رہا ہوں ۔ ہندو دھرم اور دیوتاوں کی مذمت کرنے والے تم ایک راکھشس ہو ۔ تم اپنی زندگی کے آخری مرحلہ پر کھڑے ہو ۔ تمہیں قتل کرنے کے سوا دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے ۔
اس دھمکی بھرے خط میں سوامی جی اور ریاستی وزراء کے علاوہ پروفیسر بھگوان، ایس جی سدارامیا، کے مرول سیدپّا، بی ٹی للیتا نائک، بھاسکر پرساد، پروفیسر مہیش چندرا، اداکار چیتن، اداکار پرکاش راج وغیرہ کے نام بھی جان سے مارنے کی دھمکی والے اس خط میں شامل ہیں ۔
اس خط میں مذکورہ بالا ادیبوں ، وزیروں اور اداکاروں کو مخاطب کرکے پوچھا گیا ہے کہ کیا تم لوگوں میں فرقہ پرست مسلمانوں، پاکستانیوں اور دہشت گردوں کی طرف سے کی جا رہی کارروائیوں کو غلط کہنے کی ہمت ہے ؟ دیش کے اندر رہتے ہوئے پاکستانی کتے جو حرکتیں کر رہے ہیں اسے غلط کہنے کا دم ہے ؟ اگر طاقت ہے تو بولو، ورنہ تمہاری زندگی کے دن گننا شروع کرو ۔
اس معاملے پر بولتے ہوئے بیلگاوی ایس پی نے کہا نجگونانندا سوامی کو دھمکی آمیز خط لکھنے والے ملزم شیواجی راو جادھو کو بینگلورو سی سی بی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ ڈیڑھ مہینے قبل سوامی جی کو جو دھمکی آمیز خط لکھا گیا تھا اس تعلق سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھی اور اس کے نتیجے میں شیواجی راو کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔