بیلتنگڈی 6 / نومبر (ایس او نیوز) کل رات بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ ہوئی زبردست بارش کے دوران کیریاڈی کراس پر واقع ایک الیکٹریسٹی ٹاور اکھڑ کر گرنے سے قریب میں پارک کی گئی ایک کار اور موٹر گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔
بتایا جاتا ہے کہ میسکام کے ایک اہلکار نے مین الیکٹریسٹی ٹاور کو ایک طرف جھکتے ہوئے محسوس کیا اور اس نے اپنے اعلیٰ افسران کو اس کی اطلاع دے دی ۔ جب متعلقہ افسران معائنے کے لئے موقع پر پہنچے تو اچانک ٹاور ٹوٹ کر زمین بوس ہوگیا ۔ جو لوگ اس جگہ موجود تھے انہیں معمولی زخم آئے مگر ایک کار اور دو بائکس کو بھاری نقصان پہنچا ۔ ٹاور گرنے کی وجہ سے دھرمستھلا علاقے کے لئے بجلی سپلائی منقطع ہوگئی ۔
اس کے علاوہ بیلتنگڈی ہلے کوٹے سے ملی اطلاع کے مطابق چرچ کراس کے قریب پر زیر زمین گندے پانی کے نالے سے بڑی مقدار میں پانی ابل کر سڑک پر بہنے لگا ۔ اس سے ایک چھوٹی کینٹین اور باکڑے کو نقصان پہنچا ۔ سونّا دا کیرے علاقے میں بجلی گرنے سے ایک گھر کو نقصان پہنچا ۔