ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جےپی272 سیٹوں تک بھی نہیں پہنچ سکے گی، یوگیندر یادو کا تجزیہ

بی جےپی272 سیٹوں تک بھی نہیں پہنچ سکے گی، یوگیندر یادو کا تجزیہ

Tue, 28 May 2024 17:22:39    S.O. News Service

نئی دہلی، 28/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)  لوک سبھاانتخابات میں اب آخری مرحلے کی پولنگ باقی رہ گئی ہے۔ ۲۰۱۴ءمیں نریندر مودی کی برانڈنگ میں اہم کردار ادا کرنے والے پرشانت کشور کو لگتا ہے کہ بی جے پی پہلے سے زیادہ سیٹیں جیت کر حکومت بنائے گی۔ حالانکہ اپوزیشن جماعتیں پرشانت کشور کے اس تجزیے کو مضحکہ خیز قراردے رہے ہیںلیکن  وہ اس پر قائم ہیں۔ اس دوران انتخابی تجزیہ کار یوگیندر یادونےبھی اپنا جائزہ پیش کیا ہے۔ پرشانت کشور کاکہنا ہے  یوگیندر یادوبھی ان کے تجزیے سے متفق ہیں۔

پرشانت کشور نےیوگیندر یادو کا تجزیہ اپنے سوشل ہینڈل ایکس پر شیئر بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوگیندر یادو ان کے تجزیے سے اتفاق رکھتے ہیں جبکہ یوگیندر یادو کا تجزیہ  ان  کے اندازوں سے کافی مختلف ہے۔ یوگیندر یادو کے تجزیہ سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ بی جے پی ملک میں ’مودی میجک‘ کا جو دعویٰ کر رہی ہے وہ ختم ہو رہا ہے۔ یوگیندر یادو کے مطابق این ڈی اے حکومت تو بنا لے گی لیکن بی جے پی اکثریت سے دور رہے گی۔ یوگیندر یادو کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی کیلئے ۴۰۰؍پار تو  دور کی بات ہے، ۳۰۰؍ تک پہنچنا بھی مشکل ہے۔  یوگیندر یادو کاخیال ہے کہ اگر آ ئندہ مرحلے میں بہار اور اتر پردیش میں اپوزیشن انڈیا اتحاد کے حق میں ہوا چلتی ہے تو وہ این ڈی اے کو پچھاڑ کر حکومت بھی بنا سکتی ہے۔

یوگیندر یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی کو۲۴۰؍سے۲۶۰؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے اتحادیوں کو ۳۵؍ سے ۴۵؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔ یوگیندر یادو کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی کو ۲۰۱۹ء کے مقابلے اس مرتبہ تقریباً ۵۵؍ سیٹوں اور اس کے اتحادیوں کو۲۵؍ سیٹوں کا نقصان ہونے جا رہا ہے۔ یوگیندر یادو کے مطابق آخری مرحلے میں اگر اپوزیشن کی آندھی چلی تو این ڈی اے ۲۷۲؍ کے ہندسہ یعنی اکثریت سے دور ہو جائے گی ۔ ایسے میں پرشانت کشور اپنے اندازے سے بھلے ہی خوش ہو رہے ہوں لیکن اپنی بات منوانے کیلئے جن یوگیندر یادو کا وہ سہارا لے رہے ہیں، اُن کا تجزیہ پرشانت کشور کے دعویٰ کے برعکس ہے۔ پرشانت نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ ایک قابل اعتماد چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگیندر یادو کے جائزے میں بھی مرکز میں این ڈی اے حکومت لوٹ رہی ہے۔

واضح رہےکہ پرشانت کشور نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کو۲۰۱۹ء  کے مقابلے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔ ۲۰۱۹ء میں بی جے پی کو ۳۰۳؍ سیٹیں ملی تھیں۔ پی کے نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے دعوے پر قائم ہیں اور اس  پرنظر ثانی نہیں کررہے ہیں۔


Share: