نئی دہلی 25/نومبر (ایس او نیوز) بی جے پی نے کانگریسی لیڈر راہل گاندھی پرراجستھان اسمبلی انتخابات کے دن اپنے ٹوئٹر (ایکس) پر پوسٹ کرتے ہوئے انتخابات کی گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ای ڈی پر زور دیا ہے کہ وہ کانگریسی لیڈر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو معطل کرنے کا مطالبہ کرے اوران کے خلاف دیگر کارروائیاں کرے۔
رپورٹوں کے مطابق راہل گاندھی نے اپنے ایکس پوسٹ پر راجستھان کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ کانگریس کا انتخاب کریں اور لکھا تھا کہ راجستھان میں کانگریس کی طرف سے ووٹروں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مفت علاج، کم قیمت میں سلنڈر، سود کے بغیر زراعتی قرض ، انگریزی تعلیم ، او پی ایس اور مردم شماری کا انتخاب کرایا جائے گا۔دوسری جانب بی جے پی نے ای ڈی کو لکھا ہے کہ راہل گاندھی کی پوسٹ نے ۴۸؍ گھنٹوں کی خاموش مدت کی خلاف ورزی کی ہے جن میں کسی بھی قسم کی انتخابی مہم ممنوع ہے۔بی جے پی نے کانگریسی لیڈر پر عوامی نمائندگی ایکٹ اور ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ہےاور ای ڈی سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جےپی نےراہل گاندھی کے ایکس اکاؤنٹ کو معطل کرنے کے تعلق سے لکھا ہے کہ ایکس اوراس کے کارکنان کو بھی فوری طور پر اکاؤنٹ کو معطل کرنے اور اس طرح کے مسیجس کو ختم کرنے کی ہدایت دی جاسکتی ہے جس سے الیکشن کے ۴۸؍ گھنٹے کی خاموش مدت کی خلاف ورزی ہو اورجس سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے اصولوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے۔ بی جے پی نے مزید کہا ہے کہ انتخابی پینل بھی راجستھان کے چیف الیکشن آفیسر کو حکم جاری کرے گا کہ وہ راہل گاندھی کے خلاف مقدمہ درج کرے۔