بھٹکل 15/ستمبر(ایس او نیوز): بہار کے ایک شخص نے، جو پلاسٹر کے کام کے لیے بھٹکل آیا تھا، اپنے ہی مکان میں مبینہ طور پر پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔ واردات جمعہ کی صبح تعلقہ کے بھٹکل مضافاتی پولیس تھانہ حدود میں جالی پٹن پنچایت کے دائرہ اختیار میں واقع ہورلیسال میں پیش آئی۔
متوفی کی شناخت رنجیت کمار شیام شاہ (27) کے طور پر کی گئی ہے، جس کا تعلق بہار کے سپول ضلع کے ڈبھاری سے ہے۔پولس نے بتایا کہ اس کا بھائی پچھلے 14 سالوں سے بھٹکل میں پلاسٹرکا کام کرتا ہے، جبکہ متوفی رنجیت کمار پچھلے 5 سالوں سے بھٹکل میں پلاسٹر کا کام کر رہا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس کی بیوی نے صرف 3 روز قبل ہی ایک بچی کو جنم دیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ متوفی رنجیت کمار نے رات دیر گئے بہار میں اپنی بیوی اور خاندان کے دیگر افراد سے فون پر بات چیت کی تھی، لیکن حیرت انگیز طور پر آج صبح اس کی لاش گھر کے کمرے میں ہی لٹکی ہوئی پائی گئی۔
بھٹکل دیہی پولس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے، اور پی ایس آئی شریدھر نائک معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔