ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار ضمنی انتخاب میں شکست کے خوف سے گھبرائی بی جے پی میرے کنبہ پر سی بی آئی کے ذریعہ ’ٹارگیٹ‘ کر رہی: تیجسوی یادو

بہار ضمنی انتخاب میں شکست کے خوف سے گھبرائی بی جے پی میرے کنبہ پر سی بی آئی کے ذریعہ ’ٹارگیٹ‘ کر رہی: تیجسوی یادو

Sun, 09 Oct 2022 10:53:24    S.O. News Service

پٹنہ ،9؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ہفتہ کے روز کہا کہ بی جے پی مکامہ اور گوپال گنج میں ضمنی انتخاب ہارنے جا رہی ہے۔ اسی شکست کے خوف سے ہی بی جے پی مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کر میرے کنبہ کو نشانہ بنا رہی ہے۔ تیجسوی کا یہ بیان سی بی آئی کے ذریعہ یو پی اے حکومت میں وزیر ریل کی شکل میں لالو پرساد کی مدت کار کے دوران ہوئے ایک مبینہ ملازمت گھوٹالے کے سلسلے میں ان کے والد لالو پرساد اور والدہ رابڑی دیوی سمیت 16 لوگوں کے خلاف فرد جرم داخل کرنے کے ایک دن بعد آیا ہے۔

فرد جرم میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پٹنہ میں ایک لاکھ اسکوائر فٹ سے زیادہ اراضی مبینہ طور پر ملازمت کے بدلے لالو پرساد کے کنبہ کو ٹرانسفر کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں تیجسوی یادو نے کہا کہ لالو پرساد کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کرنا بی جے پی کی ایک جانی مانی پالیسی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ اس کے لیڈر جانتے ہیں کہ وہ بہار میں آئندہ ضمنی انتخابات میں شکست کھانے والے ہیں۔ تیجسوی نے کہا کہ ’’ہم نے مکامہ اور گوپال گنج کے لوگوں سے بات کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ مہاگٹھ بندھن کے امیدوار آرام سے دونوں سیٹوں پر جیت حاصل کریں گے۔ ہم جلد ہی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔‘‘

تیجسوی یادو نے مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ ہو رہی کارروائی پر کوئی حیرانی ظاہر نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اپوزیشن لیڈروں کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ آج سی بی آئی ہے، کل ہم امید کر رہے ہیں کہ ای ڈی اور انکم ٹیکس ہمارے پیچھے آئیں گے۔ اس میں نیا کیا ہے!


Share: