ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: ووٹر شناختی کارڈ کے ساتھ آدھار نمبر کو لنک کرنے کا کام تیزی کے ساتھ جاری؛ تنظیم دفتر سمیت مخدوم کالونی میں بھی کھولا گیا ہے سینٹر

بھٹکل: ووٹر شناختی کارڈ کے ساتھ آدھار نمبر کو لنک کرنے کا کام تیزی کے ساتھ جاری؛ تنظیم دفتر سمیت مخدوم کالونی میں بھی کھولا گیا ہے سینٹر

Sun, 28 Aug 2022 18:45:06    S.O. News Service

بھٹکل 29/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل میں ووٹر شناختی کارڈ کے ساتھ آدھار نمبر کو لنک کرنے کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے، ایک طرف سرکاری سطح پر کام کو انجام دیا جارہا ہے وہیں سماجی ادارہ تنظیم  سمیت مخدوم  کالونی شاہین اسپورٹس سینٹر میں بھی اس کام کے لئے سینٹر  کھولا گیا ہے۔

تعلقہ لیول پر  ووٹر شناختی کارڈ کے ساتھ آدھار کارڈ  کا نمبر لنک کرنے کا کام  سنیچر سے بوتھ لیول اور پنچایت لیول  پر شروع کیا گیا ہے،  تمام پولنگ بوتھوں  پر  بوتھ لیول آفیسر کو اس کام کے لئے  نامزد کیا گیا ہے، ساتھ ساتھ عوام کی سہولت کے لئے  میونسپالٹی عمارت اور   پنچایت آفسوں میں بھی کام   کیا جارہا ہے، عوام  منی ودھان سودھا عمارت  پہنچ کر  بھی اس  کام کو انجام دے سکتے ہیں۔

ایک طرف  عوام کی سہولت کے لئے   مجلس اصلاح و تنظیم دفتر بھی اس کاسینٹر شروع کیا گیا ہے تو وہیں  مخدوم کالونی میں شاہین اسپورٹس سینٹر نے بھی اپنے کلب میں ایک سینٹر کھول کر عوام کو سہولت فراہم کی ہے۔

قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم   نے  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن سمیت  بھٹکل کے تمام اسپورٹس سینٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے سینٹروں میں بھی  کم ازکم اپنے علاقہ کے عوام کی سہولت کے لئے  یہ کام شروع کریں۔

مخدوم کالونی شاہین اسپورٹس سینٹر میں  سنیچر کو ایک ہی دن 900 سے زائد  ووٹر آئی ڈ ی کے ساتھ آدھار کارڈ کا نمبر لنک کرایا گیا،  جس پر بھٹکل تحصیلدار ڈاکٹر سومنت سمیت  تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب  ایم جے ندوی نے  شاہین اسپورٹس سینٹر پہنچ کر نوجوانوں  کے کام کی سراہنا کی۔ اس موقع پر  شاہین کے سرگرم رکن مبشر حُسین ہلارے نے بتایا کہ سنیچر کو ایک ہی دن   900 سے زائد ووٹر آئی کے ساتھ آدھار کارڈ کا نمبر لنک کرایا گیا ہے، جبکہ  اتوار کو  ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کے اندراج ، ناموں یا پتہ میں تبدیلی، ودیگر ایسے اُمور انجام دئے گئے ، اس  کے ساتھ ساتھ  اتوار کو بھی  500 سے زائد  ووٹر آئی ڈی کے ساتھ آدھار نمبر لنک کرائے گئے ہیں۔

بھٹکل تحصیلدار دفتر کی طرف سے ملی اطلاع کے مطابق سنیچر اور اتوار دودنوں میں پورے تعلقہ میں   آدھار کو لنک کرانے کا تعلقہ بھر میں    44.86   فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ دفتر سے  فراہم کی گئی لسٹ کے مطابق   پورے تعلقہ کے 140 پولنگ بوتھوں پرآدھار کارڈ کا نمبر ووٹر آئی ڈی کے ساتھ لنک کرانے کا کام ہورہا ہے۔ ہر  بوتھ لیول آفسر کو دس دس پولنگ بوتھوں کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس طرح 140 پولنگ بوتھوں کے لئے 14 آفسرس مقرر کئے گئے ہیں۔

اتوار شام چھ بجے تک   جاری کی گئی لسٹ کے مطابق بھٹکل تعلقہ میں  ووٹر آی ڈی کے ساتھ آدھار کارڈ نمبر جوڑنے کا سب سے زیادہ کام  تینگنگونڈی  کنڑا اسکول (نارتھ ونگ)  میں 97.36  فیصد، کیترے سرکاری اسکول  میں 96.07 فیصد اور  کرناٹک پبلک اسکول ترن مکّی (ایسٹ زون) میں 92.12 فیصد ہوا ہے۔ سب سے کم کام  کونار سرکاری اسکول میں  ہوا ہے جہاں صرف 7.85 فیصد اورا نجمن آزاد پرائمری اسکول    میں  صرف 8.64 فیصد کام ہوا ہے۔  اسلامیہ اینگلواُردو ہائی اسکول (نارتھ ونگ)   بوتھ پر بھی صرف 12.40 فیصد کام ہوا ہے۔

اس تعلق سے   ایک طرف بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی  او رتحصیلدار ڈاکٹر سومنت عوام الناس سے اپیل کررہے ہیں کہ  ووٹر آئی ڈی کو آدھار سے جوڑنے کا کام  پہلی فرصت میں کیا جائے، وہیں مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے تمام مساجد میں بھی اعلانات ہورہے  ہیں کہ اس کام کو  تیزی سے مکمل کیا جائے۔  تنظیم جنرل سکریٹری  عبدالرقیب ایم جے ندوی نے  ساحل آن لائن کے  ذریعے  بھٹکل کے جملہ اسپورٹس سینٹروں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں   اس کام کو مکمل کرنے کے لئے اپنے کلب میں  سہولیات  فراہم کریں۔

  شاہین اسپورٹس سینٹر  کے سرگرم رکن اور میونسپل کونسلر  اِمشاد مختصر نے بتایا کہ ان کے کلب میں صرف مخدوم کالونی کے ہی نہیں بلکہ پاس پڑوس کے علاقوں کے لوگ بھی کثیر تعداد میں آرہے ہیں اور یہاں صرف  ووٹر آئی ڈی کو آدھار سے جوڑنے کا کام سمیت ووٹر لسٹ میں نئے نام  درج کرانے کا کام بھی  ہورہا ہے۔

بتاتے  چلیں کہ ووٹر آئی ڈی  کو آدھار سے جوڑنے کے لئے سرکار کی طرف سے  گوگل پلے پر ایک ایپ(Vorter Helpline)  بھی جاری کیا گیا ہے،  متعلقہ ایپ کو  موبائل پر ڈاون لوڈ کرکے  بھی یہ کام کیا جاسکتا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ گلف یا بیرون بھٹکل  کے افراد موبائل ایپ کے ذریعے اس کام کو  گھر بیٹھے  باآسانی کرسکتے ہیں۔


Share: