بھٹکل 18 / جون (ایس او نیوز) ریاست کے مغربی گھاٹ والے 7 اضلاع میں سے اتر کنڑا ضلع میں سب سے زیادہ زمین کھسکنے کے خطرات موجود ہیں ۔
محکمہ ریوینیو کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق اُتر کنڑا کے جملہ 616 مقامات پر زمین کھسکنے کا خطرہ ہے ۔ جبکہ شیموگہ میں 374، چکمگلورو میں 209، دکشن کنڑامیں 51، کوڈاگو میں 45، ہاسن میں 40 اور اڈپی میں 16 مقامات ایسے ہیں جہاں بارش کے دوران زمین کھسکنے کے امکانات پائے جاتے ہیں ۔
ریاستی سطح پر جائزہ بتاتا ہے کہ 1700 گرام ایسے ہیں جہاں ندیوں میں سیلاب کا خطرہ ہے اور 1350 گرام ایسے ہیں جہاں زمین کھسکنے کا خدشہ ہے ۔ اگر بارش بہت ہی زیادہ ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ریاست کے 31 اضلاع میں سے 23 اضلاع میں سیلاب کا مسئلہ پیدا ہوگا ۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق پوری ریاست میں بشمول اتر کنڑا و دیگر ساحلی اضلاع میں آئندہ دو تین دنوں تک بھاری برسات ہوسکتی ہے ۔
کرناٹکا ڈیساسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے پرنسپال سیکریٹری وی رشمی مہیش نے بتایا کہ دستیاب تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایسے علاقوں کی نشاندہی کر لی ہے جو خطروں سے دوچار ہو سکتے ہیں ۔ ان مقامات پرندیوں اور ڈیم کے آبی ذخیروں کی پوری طرح نگرانی کی جا رہی ہے اور ان پر قابو پانے کے اقدامات کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔