بھٹکل، 24 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے بیلکے میں ہیربوڈاکی میں زمین خریدنے کے بعد ایک جوڑے نے وہاں پر موجود سرکاری ہائیر پرائمری اسکول کے لئے اپنی اس ذاتی زمین میں سے 4 گُنٹہ زمین اس اسکول کے لئے عطیہ دیتے ہوئے ایک نئی مثال قائم کی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ہیربوڈاکی سرکاری اسکول ایک نجی زمین پر 1992 سے قائم ہے ۔ اُس وقت سے ہی اسکول کے لئے وہ جگہ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی مگر اس کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل رہا تھا ۔
ابھی حال ہی میں وہ پوری زمین بیلکے کے رہنے والے مہادیوا نائک اور ان کی اہلیہ نے خریدی اور دیہی علاقے میں واقع اس اسکول میں زیر تعلیم بچوں کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کی نیت سے انہوں نے اس میں سے چار گُنٹہ زمین اسکول کے لئے عطیہ دینے کی کارروائی مکمل کر دی ۔
مہادیوا نائک اور ان کی اہلیہ نے اسکول پہنچ کر اسکول کے لئے وقف کردہ زمین کے کاغذات اسکول کے ذمہ داروں کے حوالے کیے ۔ اس موقع پر ہیڈ مسٹریس آفرین شیخ اور معاون ٹیچر سویتا نائک موجود تھے ۔