ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کیرالہ کا مسافر چلتی ٹرین سے باہر گرپڑا؛ شدید زخمی

بھٹکل میں کیرالہ کا مسافر چلتی ٹرین سے باہر گرپڑا؛ شدید زخمی

Sun, 28 Aug 2022 12:03:03    S.O. News Service

بھٹکل 28/اگست (ایس او نیوز)   ممبئی سے کیرالہ جانے کےدوران چلتی ٹرین میں سے ایک مسافر باہر گرپڑا جس کے نتیجے میں مسافر شدید زخمی ہوگیا ہے۔ مریض کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد اُڈپی اسپتال روانہ کیا گیا ہے۔ حادثہ شرالی بڈّوکولی  میں پیش آیا۔

 شرالی کے لوگوں نے  صبح قریب آٹھ بجے  ریلوے پٹری کنارے  ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں کراہتے ہوئے دیکھ کر  108 ایمبولنس کو  فون کیا، اور ریلوے  پولس سمیت مضافاتی پولس  کی مدد سے اسے  سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ مسافر کے قریب ہی اس کا موبائل بھی پایا گیا ، ورنہ مسافر کی جیب میں کوئی بھی ایسا پیپر نہیں ملا جس کی مدد سے اُس کے گھروالوں کو حادثہ کی اطلاع دی جاسکے۔

قریب ساڑھے چار  گھنٹہ تک مسافر  ریلوے ٹریک پر اور قریب  دو گھنٹے تک بھٹکل اسپتال کے بیڈ پر پڑا رہا ، مگر اس کی شناخت نہ ہوسکی، موبائل چونکہ لاک تھا اور مسافر نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا۔   موبائل پر اُس کے گھر والوں کا  کال موصول ہونے کے بعد ہی  اُس کے گھر والوں  کا پتہ لگا اور مسافر کی شناخت ہوئی۔

زخمی مسافر کی شناخت ہری کرشنا  (47) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ ممبئی  سے نیتراوتی   ایکسپریس ٹرین پر  کیرالہ کے کولّم جارہا تھا۔  اس ٹرین کا مرڈیشور میں اسٹاپ ہے، بھٹکل میں یہ ٹرین رُکتی نہیں ہے۔ پتہ چلا ہے کہ یہ ٹرین صبح چار بجے بھٹکل سے پاس ہوئی تھی، یعنی یہ شخص صبح چار بجے  ٹرین سے  گرا تھا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد صبح گیارہ بجے  اسے اُڈپی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پتہ چلا ہے کہ  لوکل ٹکٹ پر یہ شخص ٹرین کی سب سے آخری بوگی میں تھا، چونکہ  شراب کی بو محسوس کی جارہی تھی، اس لئے سمجھا جارہا ہے کہ نشے کی حالت میں یہ غالباً دروازے کے قریب  ٹہرا تھا،    جھٹکہ لگتے ہی باہر جاکر گرا ہوگا۔ریلوے پولس  سہایا جسٹین اور  مقامی سماجی کارکن منجونائک اور نثار احمد ٹاپ کی مدد سے  زخمی کو بذریعہ ایمبولنس اُڈپی  شفٹ کیا گیا ہے۔


Share: