بھٹکل 28 جولائی (ایس او نیوز)بھٹکل میں کچھ دنوں کے وقفے کے بعد جمعرات کو کتے کے حملے کی پھرایک واردات پیش آئی ہے جس میں پانچ سال کا معصوم بچہ شدید زخمی ہوگیا ہے۔ تازہ واردات جمعرات شام کو پیش آئی۔
زخمی بچے کی شناخت شیث ابن فضل اللہ عسکری کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کارگیدے میں اپنے گھر کے باہر دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اچانک ایک کتے نے سیدھے بچے کے چہرے پر حملہ کردیا۔
کتے نے بچے کی انکھ کے بالکل قریب کاٹا ہے جس سے انکھ کے قریب ٹانکے لگانے میں کافی دقت پیش آئی۔
لڑکے کے چاچا ہدایت اللہ عسکری نے بتایا کہ لڑکے کو فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ضروری انجکشن لگوانے کے بعد انکھ کے قریب ٹانکے لگانے کے لئے ڈاکٹر نے کسی سرجن کے پاس لے جانے کی صلاح دی جس کی بناء پر بعد میں اسے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھٹکل میں آوارہ کتوں سے لوگ سخت پریشان ہیں، حالیہ دنوں میں کئی لوگوں اور بچوں پر کتوں کے حملوں کی وارداتیں پیش آچکی ہیں۔ عوام شہر کے ذمہ داران پر الزام لگارہے ہیں کہ وہ اس تعلق سے خاموش ہیں۔