ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں شدت کی گرمی کے بعد شروع ہوگئی بارش

بھٹکل میں شدت کی گرمی کے بعد شروع ہوگئی بارش

Sun, 19 May 2024 09:14:47    S.O. News Service

بھٹکل 19 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میں اتوار صبح زوردار بارش شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کی شروعات کے ساتھ ہی لوگ گرمی سے راحت محسوس کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سنیچر کو ہی وارننگ دی تھی کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کے امکان کے باعث ساحلی کرناٹکا میں 40 کلومیٹر سے 55 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جس کے نتیجے میں سمندری لہریں کافی اونچی اٹھ سکتی ہیں اور سمندر میں بھونچال آنے کے بھی امکانات رہتے ہیں، ایسے میں اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکر نے ماہی گیروں کو تاکید کی تھی کہ سمندر میں ماہی گیری کے لئے نہ جائیں اور جو لوگ پہلے سے ہی سمندروں میں ماہی گیری کے لئے اتر چکے ہیں، وہ فوری اپنی کشتیوں اور بوٹوں کے ساتھ واپس ساحل پر آجائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22مئی تک یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آج اتوار صبح قریب 7:30 بجے بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی چمک کے ساتھ زوردار بارش شروع ہوگئی اور یہ سلسلہ صبح 9:30 بجے تک رپورٹ مکمل ہونے تک جاری تھا۔ ویسے تو صبح کا اجالا پھیلتے ہی بادلوں کی گرجدار آوازیں اور بجلیاں چمکنے کا سلسلہ تقریباً بند ہوگیا ہے مگر ہلکی بارش جاری یے۔ آسمان پر نظر آنے والے کالے بادل سے لگ رہا ہے کہ آج پورا دن بارش کا ہوگا۔

بتاتے چلیں کہ بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ  ہفتہ، عشرہ سے شدید گرمی سے لوگوں کا حال بے حال تھا۔ بعض علاقوں میں آسمانی بجلیاں گرنے سمیت ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات مل رہی تھیں، بعض علاقوں میں زوردار بارش کی بھی خبریں تھیں لیکن بھٹکل میں ایک دوبار بارش کی ہلکی پھواروں کو چھوڑکر بارش شروع نہیں ہوئی تھی، سنیچر شب کو تھوڑی بہت بارش ہوئی تھی مگر پھر گرمی شباب کو پہنچ چکی تھی، مگر آج صبح ہوئی بارش کے بعد موسم تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ بتاتے چلیں کہ سنیچر کو قریبی علاقہ سرسی میں کرکٹ کھیلنے کے دوران اچانک آسمانی بجلی گرنے سے ایک 16 سالہ لڑکا فوت ہوگیا تھا، اس لئے ایسے موسم میں عوام الناس کو چوکنا رہنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ کرناٹک میں عام طور پر مانسون کی شروعات جون کے پہلے ہفتے سے ہوتی ہے۔ لیکن اس بار شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے وقت سے پہلے ہی مانسون شروع ہونے کے امکانات ہیں۔


Share: