ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بخار کی وجہ سے لڑکی کی موت پر گرم ہوا افواہوں کا بازار - میڈیکل آفیسر نے جاری کی وضاحت 

بھٹکل میں بخار کی وجہ سے لڑکی کی موت پر گرم ہوا افواہوں کا بازار - میڈیکل آفیسر نے جاری کی وضاحت 

Sat, 16 Sep 2023 11:12:26    S.O. News Service

بھٹکل، 16/ ستمبر (ایس او نیوز) سرکاری اسپتال میں جمعرات کی شب کو تیز بخار میں مبتلا ایک 12 سالہ لڑکی کی اچانک موت واقع ہونے کے بعد سوشیل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ بھٹکل میں نیپا وائرس کی وجہ سے لڑکی فوت ہوگئی ہے ۔

حالانکہ پانچویں جماعت میں زیر تعلیم  فاطمہ نامی اس بچی کے خون کی جانچ سے ڈینگی، این 1 ایچ 1 جیسا کوئی  انفکیشن موجود نہ ہونے کی بات ثابت ہو چکی تھی ، مگر سوشیل میڈیا کی وجہ سے عوام میں یہ افواہ اُڑ گئی کہ بچی کی موت نیپا وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ اس سے عوام کے اندر خوف اور تشویش پیدا ہونا فطری بات ہے ۔ 
    
اس تعلق سے سرکاری اسپتال کی ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اور تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس لڑکی کو تیز بخار کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا،  مگر بعد میں  بچی کو اچانک مرگی (فِٹس) کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ اس کی موت کا سبب نیپا وائرس یا ڈینگی وغیرہ نہیں ہے ۔ عوام اس طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں  اور خوف میں مبتلا نہ ہوں ۔  

واضح رہے کہ کنڑا کے بہت سارے وہاٹس ایپ گروپوں میں مسیج وائرل ہونے کے بعد  غیر مسلموں میں افواہ  پھیل گئی تھی جس کے بعد اسپتال کے ڈاکٹروں کو لوگ فون کرکے بھی  نیپا وائرس کے تعلق سے دریافت کررہے تھے، سرکاری اسپتال کے  چلڈرنس اسپیشلسٹ  ڈاکٹر سُرکشت نے بھی  واضح کیا کہ  لڑکی کو بخار ضرور تھا، مگر اُس کی موت مرگی کے دورہ کے بعد ہوئی تھی۔  اسپتال کے ڈاکٹروں نے میڈیا والوں کو  بتایا کہ  موت کی اصلی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد  ہی  سامنے آسکتی تھی، مگر گھروالوں نے پوسٹ مارٹم نہیں کرایا۔
 


Share: