بھٹکل 22 ستمبر(ایس او نیوز) : پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت کے موقع پر ہر سال کی طرح امسال بھی ١٢ربیع الاول کو عید میلادالنبی ﷺ منائی جائے گی اوراس پرمسرت موقع پر شہر میں شاندار جلوس کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس باربھٹکل میں ١٢ ربیع الاول 28 ستمبر بروز جمعرات کو ہے۔ اس بات کی اطلاع مرکزی عیدمیلاد کمیٹی کی طرف سے گلمی مسجد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کمیٹی کے رہنما مُنیر احمد نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا دن ہمارے لئے عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی طرح ہی ہے۔ یہ ہمارے لئے ایک مقدس دن ہے اور ہم اس دن شایان شان جلوس کا انعقاد کرتے ہوئے تقریب منائیں گے۔ ا س کے علاوہ حضرت محمد ﷺ کی سیرت پر تقریری مقابلے نیز دوسرے پروگرام بھی زیرغور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس تعلق سے مختلف مسجدوں میں میٹنگوں کا انعقاد ہورہا ہے۔
شیڈول کے مطابق 28 ستمبر، شام 4 بجے بھٹکل عیدگاہ میدان سے جلوس نکالاجائے گا جو شمس الدین سرکل اور نیشنل ہائی وے سے ہوتا ہوا سلطان اسٹریٹ، چوک بازار اور محمد علی روڈ سے مین روڈ اور پھر اولڈ بس اسٹینڈ کے سامنے پبلک چبوترہ پر پہنچ کر اختتام پذیر گا۔ جلوس میں بھٹکل واطراف کے مختلف قصبوں سے آٹھ سے دس ہزار لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
پریس کانفرنس میں مولانا ابوبکرسقافی، محمد رئیس اکرمی، عبدالعلیم گوائی، خواجہ حسین، ادریس، عبدالستار شیخ، اسماعیل حبیب اللہ، حضرت علی ویگر کئی ذمہ داران موجود تھے۔