بھٹکل، 3 / جولائی (ایس او نیوز) اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر پچھلے کچھ عرصہ سے بھٹکل میں خدمات انجام دے رہی ممتا دیوی کو عہدے میں ترقی دیتے ہوئے بھٹکل سے ان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے ۔ ان کی جگہ پر وجیاپور میڈیکل سائنس اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بیلاری کی چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈاکٹر نینا این (کے اے ایس ، جونیئر گریڈ) کو بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے ۔ جبکہ ممتا دیوی کے لئے ابھی کسی پر پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے۔
ممتا دیوی (آئی اے ایس ) نے مارچ 2021 میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا اور اپنی ملنساری ، فرض شناسی اور انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے عوام اور محکمہ کے اندر اپنی بہترین امیج بنائی تھی ۔ کووڈ ویکسی نیشن کی مہم بھی انہوں نے بہتر انداز میں چلائی تھی ۔ اس کے علاوہ برسات اور سیلاب کے مواقع آنے پر بھی انہوں نے عوام کو راحت پہنچانے کے سلسلے میں پوری مستعدی دکھائی تھی ۔ قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے افراد کو مناسب سرکاری معاوضہ دلانے میں بھی انہوں نے پوری دلچسپی لی تھی ۔