بھٹکل 18 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا اور ساحلی کرناٹکا میں روایتی جوش و خروش اور امن و امان کے ساتھ پیر سے عید قرباں منائی جارہی ہے۔
چونکہ ساحلی کرناٹکا میں ایک ہفتہ سے زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بھٹکل میں عیدگاہ کے بجائے تمام جامع مساجد میں عید کی دوگانہ ادا کی گئی۔جامع مسجد، خلیفہ جامع مسجد، تنظیم ملیہ مسجد، مخدومیہ جمعہ مسجد، مدینہ مسجد، نور مسجد سمیت تقریباً 20 سے زائد جمعہ مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے ساتھ بقر عید کی سرگرمیوں کا آغازہوا ۔ نماز عید کے بعد خطبائَے مساجد نے اپنے خطبات میں قربانی کے مقاصد، اخلاق و کردار سازی کے تقاضوں کی تعلیم و ہدایات پر مبنی عید کا پیغام عوام کے سامنے رکھا ۔
نماز سے فارغ ہونے کے مساجد کے باہر سفید کپڑوں میں ملبوس بچے، نوجوان اور بزرگوں کے ایک دوسرے کے ساتھ گلے ملنے اور عید کی مبارکباد پیش کرنے کے خوش گوار اور دلکش مناظر ہر جگہ دکھائی دے رہے تھے ۔
عید کی دوگانہ کے فوری بعد کئی گھروں حضرت ابراہیم ؑ کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی گئی۔ ایک اندازے کے مطابق عید الاضحیٰ کے پہلے دن سات سو سے زائد بکروں کی قربانی کی گئی۔
بقر عید کے موقع پر مساجد اور دیگر مذہبی و حساس مقامات پر پولیس کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے جو امن اور شانتی بنائے رکھنے میں چوکسی اور مستعدی کے ساتھ مصروف نظر آ رہی ہے ۔
یاد رہے کہ بھٹکل سمیت پورے ملک میں پیر سے عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے اور یہ عید جمعرات تک جاری رہے گی۔