ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بڑھتی فضائی آلودگی پر وکیل نے بی ایم سی اور ایم پی سی بی کو نوٹس جاری کیا

بڑھتی فضائی آلودگی پر وکیل نے بی ایم سی اور ایم پی سی بی کو نوٹس جاری کیا

Mon, 23 Oct 2023 11:39:07    S.O. News Service

ممبئی، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) شہر اور مضافات میں فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے اضافہ کے سبب ہونے والی پریشانیوں اور مختلف بیماریوں کے بڑھتے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر کے ایک وکیل نے مہاراشٹر پلوشن کنٹرول بورڈ (ایم پی سی بی) اور بی ایم سی کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے فضائی آلودگی کو کم کرنے یا ختم کرنے کیلئے ٹھوس اور مناسب اقدام کرنے کی اپیل ہے۔ نوٹس میں محکمہ صحت کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وکیل سیف عالم نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ شہر میں ماحولیاتی اور فضائی آلودگی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ ۳؍ برسوں کے درج ریکارڈ کے مطابق ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد آلودگی کے سبب ہونے والی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر فوت ہوئے ہیں۔

وکیل نے پلوشن کنٹرول بورڈ اور بی ایم سی کو نوٹس کی شکل میں مکتوب روانہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی ایم سی نے شہر کو صحت مند بنانے اور آلودہ فضا سے پاک رکھنے کیلئے جو بجٹ پیش کیا تھا، اس میں شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچانے کیلئے ’ایئر پیوری فائر‘ لگانے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن اب تک اس پر عمل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے بحالت مجبوری نوٹس جاری کرکے مذکورہ بالا اداروں سے ایئر پیوری فائر لگانے کی اپیل کی گئی ہے۔‘‘ انہوں یہ بھی بتایا کہ اکتوبر میں شہر میں آلودگی کا تناسب جس تیزی سے بڑھ رہا ہے اس سے اس بات کا خدشہ ہے کہ موسم سرما میں آلودگی کا تناسب تشویشناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہیکہ حالیہ دنوں میں دہلی کے مقابلہ ممبئی کی فضائی آلودگی ۲ء۵؍ فیصد زیادہ رہی ہے۔ وکیل کے بقول محکمہ صحت کی ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری ۲۰۲۱ء تا ۱۵؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء تک فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے سبب ہونے والے عارضہ میں مبتلا ہو کر ۱۴؍ ہزار افراد فوت ہوئے ہیں۔

 وکیل کے دعویٰ کے مطابق فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے سبب شہری دمہ، کالی کھانسی جیسے موضی امراض کے شکار ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو ہی بی ایم سی کمشنر اقبال سنگھ چہل نے شہر اور مضافات میں ۶؍ ہزار سے زائد سرکاری اور غیر سرکاری تعمیرات کے سلسلہ میں جاری کردہ گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے کام کو جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر تعمیرات پر روک لگانے کی بھی وارننگ دی ہے۔


Share: