ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / باغیوں کوآدتیہ ٹھاکرے نے پھر الیکشن کیلئے للکارا، شیوسینکوں کو وسط مدتی انتخابات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی، شندے سرکارکو نشانہ بنایا

باغیوں کوآدتیہ ٹھاکرے نے پھر الیکشن کیلئے للکارا، شیوسینکوں کو وسط مدتی انتخابات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی، شندے سرکارکو نشانہ بنایا

Mon, 22 Aug 2022 11:27:32    S.O. News Service

ممبئی، 22؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر کے سابق وزیر اور یوا سینا کے سربراہ آدتیہ ٹھاکرے نے  مالیگاؤں میں اپنیشیو سنواد یاترا  کے دوران ایک بار پھر باغی اراکین اسمبلی کو چیلنج کیا کہ ’’اگر دَم ہے تو  استعفیٰ دیکر اور الیکشن جیت کر دکھائیں۔‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت دی کہ الیکشن کیلئے تیار ر ہیںکیوں کہ ’’باغیوں  اور غداروں ‘‘کی حکومت بہت دن نہیں چلے گی۔ 

 واضح رہے کہ  پارٹی  کے اراکین اسمبلی کی بغاوت کے بعد ٹھاکرے پریوار اپنے وجود کی لڑائی لڑرہاہے۔ مہاراشٹر میں  اقتدار  سے بے دخل کرنے  کے ساتھ ہی شندے گروپ اب ٹھاکرے  پریوار  سے شیوسینا اورا س کا انتخابی نشان بھی چھیننے کی کوشش کررہاہے ۔ شندے گروپ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں عرضی داخل کی گئی ہے کہ اصل شیوسینا وہ ہیں اس لئے  انتخابی نشان انہیں دیا جائے۔  ایسے میں  اُدھو ٹھاکرے کی قیادت میں پارٹی جہاں  سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں قانونی لڑائی لڑ رہی ہے وہیں آدتیہ ٹھاکرے شیوسینا کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے اور  شیوسینکوں سے ٹھاکرے خاندان کا رابطہ مضبوط کرنے کیلئے ’’شیو سنواد یاترا ‘‘ کے تحت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں کررہے ہیں۔ ان کی ریلی میں ابھرنے والی بھیڑ سے  جہاں   شیوسینکوں کے حوصلے بلند ہیں وہیں باغی خیمے میں  فکر مندی بڑھتی جارہی ہے۔ آدتیہ  ٹھاکرے کوکن اور شمالی مہاراشٹر کے دورے پر ہیں۔ سنیچر کو  انہوں  نے  جلگاؤں اور مالیگاؤں کا دوہ کیا۔  

 مالیگاؤں میں پُرجوش شیوسینکوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ وسط مدتی اسمبلی الیکشن کیلئے شیوسینا کارکنان پوری طرح سے تیار رہیں۔ سی ایم(ایکناتھ شندے) اور سُپر سی ایم (فرنویس) کی سرکار بہت زیادہ دنوں تک نہیں  چلے گی کیوں کہ یہ باغیوں  اور دھوکے بازوں کی حکومت ہے۔‘‘ انہوں نے ایکناتھ شندے گروپ  پر بال ٹھاکرے کے پریوار کی پیٹھ پر چھرا گھونپنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ شیوسینا اور اُدھو ٹھاکرے نے جن لوگوں کو الیکشن میں اپنا  امیدوار بنایا اور آپ نے اپنے  ووٹوں سےانہیں فتح  دلائی  انہوں نے محض اقتدار کیلئے بغاوت کی۔ ان لوگوں  نے  بالا صاحب ٹھاکرے کے پریوار کو دھوکہ دیا اور شیوسینا کو کمزور کرنے کا کام کیا۔‘‘ 

 انہوں نے غداروں کو ایک بار پھر الیکشن  میں  جیت کر دکھانے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ’’۴۰؍ غداروں میں دَم ہے تو وہ استعفیٰ دے کر اور پھر  الیکشن کا سامنا کرکے دکھائیں۔ سب کچھ سمجھ میں آجائے گا۔‘‘ریلی سے قبل مالیگاؤں میں آدتیہ ٹھاکرے کا  شاندار استقبال کیا گیا۔  شمالی مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں اور دھولیہ کا دورہ کرتے ہوئے وہ سنیچر کو مالیگاؤں پہنچے۔  یہاں انہوں  نے سنگمیشور روڈ پر منعقد کئے گئے  جلسے سے خطاب کیا جس میں   امڈنے والی شیوسینکوںکی بھاری بھیڑ  نے  نہ صرف اُدھو ٹھاکرے  خیمے کے حوصلے بلند کردیئے بلکہ باغیوں میں فکرمندی کی لہر بھی دوڑ گئی۔ ریلی میں امڈنے ولی بھیڑ نے اُدھو ٹھاکرے اور بالا صاحب ٹھاکرے کی شیوسینا کے ساتھ رہنے کا عزم بھی دہرایا۔  انہوں نے باغیوں کو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں  جو بھی ملا وہ ان کیلئے تھا۔ انہوں نے عوام کو کچھ بھی واپس نہیں دیا ہے۔‘‘ یاد رہےکہ ۳۹؍اراکین کی بغاوت کی بنا پر اُدھو سرکار گر گئی اور ۳۰؍ جون کو شندے وزیراعلیٰ بن گئے۔ 

 اس سے قبل آدتیہ ٹھاکرے نے وزیراعلیٰ  ایکناتھ شندے کے اس اعلان پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا کہ حکومت دہی ہنڈی کو اسپورٹس کا درجہ دے گی اور اس میں حصہ لینے والے گووندہ اسپورٹس  کوٹہ کیلئے مختص سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواستیں  دے سکتے ہیں۔ آدتیہ ٹھاکرے نے شندے سے سوال کیا کہ کیا وہ واقعی وزیراعلیٰ ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب تک اسپورٹس کوٹہ سے کتنے  افراد کو نوکری ملی ہے؟‘‘ انہوں نے اس اعلان کو محض لالی پاپ قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس کا مقصد نوجوانوں کو بے وقوف بنانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ 


Share: