اڈپی 11 / دسمبر (ایس او نیوز) اڈپی کے نجار میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو بیک وقت قتل کرنے والے ملزم پر حملہ کی کوشش کرنے کے الزام میں پولس نے 11 افراد کو نوٹس جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے 12 نومبر کو ایئر انڈیا کے ملازم پروین چوگلے نامی ملزم نے اپنے ساتھ ملازمت کرنے والی آئیناز کے علاوہ اس کی ماں، بہن اور بھائی کو بڑی بے دردی سے قتل کیا تھا ۔ جبکہ آئیناز کی دادی اس حملے میں زخمی ہوگئی تھی ۔ اس سنسنی خیز واردات سے ہر طرف صدمے اور خوف کی لہر دوڑ گئی تھی ۔
ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کے لئے پولیس جب اسے نجار میں واقع جائے واردات پر لائی تھی تو اس وقت ایک مشتعل بھیڑ وہاں جمع ہوگئی تھی اور ملزم کو اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس دوران بھیڑ نے ملزمان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے بھیڑ پر قابو پانے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا تھا۔
اب پتہ چلا ہے کہ بھیڑ میں موجود لوگوں جن کے بارے میں یقین ہوگیا ہے کہ وہ ملزم پروین پر حملے کی کوشش میں ملوث ہیں، ایسے 11 افراد کو پولیس نے نوٹس جاری کیا ہے۔