کاروار 4 / جولائی (ایس او نیوز)اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی نے جھیلوں کے تحفظ اور ترقی کے لئے قائم اتھاریٹی کی میٹنگ میں افسران کو ہدایت دی کہ گاوں میں موجود تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لئے زیادہ ترجیح دی جائے اور ان پر یا ان کے اطراف والی زمین پر کسی کو بھی قبضہ کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔
ڈی سی کی صدارت میں چلی کرناٹکا لیک کنزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی میٹنگ میں محکمہ چھوٹی آب پاشی کے انجینئر اویناش آلور نے ضلع کے 11 تعلقہ جات میں جملہ 2118 تالاب ہیں ۔ ان میں سے کاروار، کمٹہ ، انکولہ اور بھٹکل تعلقہ جات میں موجود تالابوں کا سروے مکمل ہوگیا ہے ۔ بقیہ تعلقہ جات کے تالابوں کا سروے اور پیمائش کرنا باقی ہے ۔ ڈی سی نے ہدایت دی کہ جلد از جلد یہ سروے مکمل کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیلداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے تعلقہ میں موجود تالاب اور جھیلوں کی سرحد کی نشاندہی کرلیں ۔ جولائی کے آخر تک ہر گرام پنچایت کے حدود میں آنے والے تالابوں کا سروے اور تحفظ کا کام مکمل ہوجانا چاہیے ۔ جن جھیلوں اور تالابوں کا معاملہ عدالت میں پھنسا ہے اس کے تعلق سے عدالتی ہدایات کے مطابق ہی کارروائی کی جائے۔
اس میٹنگ میں ایڈیشنل ڈی سی راجو موگویرا ، سینئر سوِل جج رینوکا ڈی رائیکر ، اسسٹنٹ کمشنر جئے لکشمی رائیکوڈ اور ضلع اور تعلقہ سطح کے افسران موجود تھے۔