انکولہ 6/ستمبر (ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع کے انکولہ میں ایک راہ چلتی خاتون کے گلے میں سے سونے کا نیکلیس کھینچ کر بائک پر سوار دو لُٹیرے فرار ہوگئے جس کی مالیت 80 ہزار روپئے لگائی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق وسنتی چوڑامنی تانڈیل انکولہ تعلقہ کے ہٹی کیری رفوجی کالونی کی رہائشی ہے منگل شام کو پیدل اپنے گھر جارہی تھی کہ راستے کنارے دو لوگ بائک کے ساتھ کھڑے تھے، جیسے ہی وہ اُن کے قریب سے گذری، پیچھے سے کسی ایک نے گلے میں ہاتھ ڈال کر سونے کا نیکلس کھینچ کر نکال لیا اور پل بھر میں وہ لوگ فرار ہوگئے۔
وسنتی نے انکولہ پولس تھانہ میں واقعے کی شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ دونوں نے ہیلمیٹ پہن رکھا تھا اس لئے وہ اُن کا چہرہ نہیں دیکھ سکی، لیکن وسنتی چونکہ اکیلی تھی، لُٹیرے غالباً اس کا شکار کرنے کے لئے ہی سڑک کنارے کھڑے تھے، جیسے ہی وہ ان کے پاس پہنچی، انہوں نے اپنا داو چلادیا۔
انکولہ پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے، ڈی وائی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا، سی پی آئی سنتوش شیٹی اور پولس کے دیگر حکام نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا ہے اور چھان بین شروع کردی گئی ہے۔