نئی دہلی،15/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی نےانڈیا اتحاد کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’گھمنڈیا‘‘ کا خراب ارادہ یہ ہے کہ وہ سناتن دھرم کی بنیاد کو کمزور اور تار تار کر دے۔ وہ دھرم جس کا شمار دنیا کے قدیم مذاہب میں ہوتا ہے، انڈیا اتحاد کے لوگ چاہتے ہیں کہ اسے مکمل طور پر مٹا دیں۔ سناتن دھرم جس نے سوامی وویکانند اور لوکمانیہ تلک کو تحریک دی تھی وہ انڈیا اتحاد اسی کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ آج انہوں نےصرف سناتنا کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔ کل ہم پر اپنے نشانہ کو مزید بڑھا دیں گے۔ ملک بھر کے سناتن دھرم کو ماننے والے لوگ اور وہ بھی جو ملک سے محبت کرتے ہیں انہیں محتاط رہنا ہوگا۔ ہمیں اس طرح کے لوگوں کو روکنا ہو گا۔
مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں بینا ریفرینری میں 49 کروڑروپے کے پیٹرو کیمیکلس کامپلیکس کی بنیاد ڈالتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ’گھمنڈیا اتحاد کے لیڈران نے حال ہی میں ممبئی میں ملاقات کی۔ ان کے پاس نہ تو کوئی پالیسی ہے اور نہ ہی کوئی لیڈر۔ ان کے پاس سناتن دھرم کو نشانہ بنانے کا ایجنڈا ہے جسے وہ مکمل طور پرختم کرنا چاہتےہیں۔ خیال رہے کہ مودی نے مدھیہ پردیش میں دیگر 10 اہم انڈسٹریل پروجیکٹ کی بھی بنیاد ڈالی ہے۔
ان کا یہ رد عمل تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کے بیٹے ادھے ندھی اسٹالن کے سناتن دھرم کو نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ادھے ندھی اسٹالن نے تمل ناڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سناتن دھرم سماجی انصاف کے خلاف ہے اور اسے مٹا دیا جانا چاہئے۔ ان کے سناتن دھرم کو نشانہ بنانے کے بعد ڈی ایم کے کے لیڈر راجا نے بھی سناتن دھرم کا موازنہ لیپروسی جیسی بیماری سے کیا تھا۔ مودی نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ جنہوں نے اس سے پہلے ریاست میں حکومت کی انہوں نے یہاں بد عنوانی اور جرائم کو بڑھاوا دیا۔ وہ پارٹی (کانگریس) جس نے یہاں دہائیوں تک حکومت کی اس ریاست کو دیگر ریاستوں کے مقابلے میں خراب اور معاشی طور پر پسماندہ حالت میں چھوڑ کر گئے۔ پچھلی نسلوں کو یاد ہو گا کہ کانگریس نے ریاست میں بندیل کھنڈ کو کس حالت میں چھوڑا تھا جہاں پانی، سڑکوں اور بجلی کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ آج بی جے پی کی حکومت میں ہر گاؤں میں نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں اور ہر گھر میں بجلی فراہم کی گئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ مدھیہ پردیش کچھ دنوں میں صنعت کاری کے میدان میں ترقی کرے گا۔ نریندر مودی نے جی 20 کی کامیابی پر بھی ملک کے 140 کروڑ عوام کو کریڈیٹ دیا۔