جئے پور، 2/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) راجستھان میں اسمبلی انتخابات کی اُلٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ ریاست میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن کی ٹیم یہاں پہنچ گئی ہے۔ اتوار کو تینوں الیکشن کمشنروں نے پریس کانفرنس کرکے ریاست میں منصفانہ اور آزادانہ الیکشن کے انعقادکے عزم کا اظہار کیا۔ راجستھان میں اسی سال الیکشن ہونے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار،الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے اور الیکشن کمشنر ارون گوئل 3 دن تک راجستھان میں ہی رہیں گے۔
اتوار کومیریٹ ہوٹل میں پریس کانفرنس کر کے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بتایا کہ پہلی بار راجستھان اسمبلی الیکشن میں معمر اور 40فیصد یا اس سے زائد معذور ووٹر گھر بیٹھے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔
راجستھان میں ووٹروں کی حتمی فہرست بدھ 4 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ راجیو کمار نے بتایا کہ مجرمانہ ریکارڈ کے حامل امیدواروں کو اخبار میں اشتہار دے کر اپنے مجرمانہ ریکارڈ کو عام کرنا ہوگا جبکہ ایسے امیدوار کو ٹکٹ دینے والی سیاسی پارٹی کو بھی یہ بتانا پڑے گا کہ اس نے انہیں کیوں منتخب کیاہے۔4