واشنگٹن 11 جنوری (ایس او نیوز) امریکہ میں سبھی طیاروں کو تیکنیکی خرابی کے بعد زمین پر اُتار دیا گیا ، جس کے بعد امریکہ کے ائرپورٹوں میں مسافروں کا ہجوم جمع ہوگیا اور افراتفری مچ گئی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے کہنے کے بعد کہ اسے کمپیوٹر کی خرابی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بدھ کی صبح پورے امریکہ میں پروازیں رد کردی گئی اور طیاروں کو نیچے اُتارا گیا۔
خاص طور پر، FAA نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ اس کا نوٹس ٹو ایئر مشنز (NOTAM) سسٹم، جس میں فلائٹ آپریشنز میں شامل افراد کے لیے ہدایات موجود ہوتی ہیں، بدھ کی صبح "ناکام" ہو گیا ، جس کی وجہ سے طیاروں کو نیچے اُتارا گیا۔FAA نے بتایا کہ اُن کی ٹیم سسٹم میں آئی گڑبڑی کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
FAA نے اپنی ایڈوائزری میں بتایا ہے کہ اس خرابی کے بعد نوٹم (نوٹس ٹو ایئر مشن) جاری کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نوٹم ایک انتباہ ہوتا ہے جس کے ذریعے مخصوص فضائی حدود میں سبھی اُڑانوں پر پابندی لگائی جاتی ہے۔دراصل NOTAM اکثر کسی میزائل یا دیگر ہوائی آلات کے ٹیسٹ کے دوران عام فلائٹ آپریشن کو خطرہ پیدا ہونے کے امکان کو دیکھتے ہوئے جاری کیا جاتا ہے ۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ویئر نے دکھایا کہ بدھ کی صبح 5.31 بجے 400 سے زیادہ پروازیں امریکہ کے اندر یا باہر دیری سے چل رہی ہیں۔ ایف اے اے نے اپنی ویب سائٹ پربتایا کہ ان کے تکنیکی ماہرین اس وقت سسٹم کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ تاہم اس میں کتنا وقت لگے گا اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ خرابی دور ہونے کے بعد، تمام پروازوں کو ایک مخصوص ترتیب میں دوبارہ پرواز کرنے کی اجازت دی جائے گی۔