نئی دہلی ،2/ اکتوبر(ایس او نیوز/ایجنسی) انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے سینئر لیڈر اجے ماکن کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی)کا نیا خزانچی مقرر کیا ہے- یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے اجے ماکن سے کہا ہے کہ وہ فوری اپنا کام شروع کریں -
انہوں نے کہا کہ پارٹی اور کھرگے نے اب تک پارٹی کے خزانچی کے طور پر خدمات انجام دینے والے سینئر لیڈر پون کمار بنسل کے تعاون کی تعریف کی ہے-اجے ماکن سے پہلے سابق مرکزی وزیر پون کمار بنسل کانگریس کے خزانچی تھے- انہیں پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کی موت کے بعد اس عہدے پر مقرر کیا گیا تھا، جو راجیہ سبھا کے رکن تھے-
خیال رہے کہ سینئر کانگریس لیڈر اجے ماکن اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی)کے رکن ہیں - وہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی کابینہ میں اور دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کی کابینہ میں وزیر رہ چکے ہیں - وہ دو بار رکن پارلیمنٹ اور تین بار دہلی اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے- ماکن دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں -