سرسی 8 / جنوری (ایس او نیوز) اتی کرم داروں کے حقوق کے لئے سرگرم ضلع ہوراٹا سمیتی صدر راگھویندرا نائک کی قیادت میں مختلف انجمنوں اور اداروں کے ذمہ داران کے علاوہ اتی کرم داروں کی طرف سے اپنے مطالبات منوانے کی غرض سے آدھے دن کے لئے سرسی بند منایا گیا جس کے دوران احتجاجی ریلی نکالی گئی اور تعقلہ آفس کا گھیراو کرکے اس کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا ۔
مظاہرین نے سپریم کورٹ میں جنگلاتی زمین اتی کرم داروں کے حق میں ترمیم شدہ حلف نامہ داخل کرنے اور غیرقانونی غیر اطمینان بخش جی پی ایس سروے کی بنیاد پر لوگوں کو اتی کرم زمین سے ہٹانے کا سلسلہ روکنے کی ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے موقع پر موجود محکمہ جنگلات کے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی طرف سے اتی کرم داروں پر ہو رہے ظلم و ستم کی مذمت کی ۔
غیراطمینان بخش جی پی ایس سروے کےتعلق سے اپیل قبول کرنے کی ہدایت محکمہ سماجی بہبود کو دینے، محکمہ جنگلات کی زور زبردستی پر قابو پانے کے اقدامات کرنے اور جی پی ایس سے متعلق ہوراٹا سمیتی کے مراسلہ کا ایک ہفتہ کے اندر دینے کا تیقن ضلع ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا ریڈی کی طرف سے ملنے پر احتجاجی دھرنا ختم کیا گیا ۔
ہوراٹا سمیتی کے صدر راگھویندرا نائک نے بتایا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اتی کرم داروں کے مسائل کا حل نہیں نکلا تو 15 جنوری کو وزیر اعلیٰ کے سرسی دورے کے موقع پر ایک مختلف انداز میں احتجاجی مظاہرا کیا جائے گا ۔